پاکستان

یو اے ای کے وزیراعظم کی جانب سے عمران خان کو اردو میں خوش آمدید

یو اے ای کے وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المختوم نے اردو میں عمران خان کے لیے ٹوئیٹ کرکے سب کو حیران کردیا۔

وزیراعظم عمران خان نے اتوار کو متحدہ عرب امارات کے ایک روزہ سرکاری دورے کے دوران ہم منصب شیخ محمد بن راشد المختوم سے ملاقات کی۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت اہم عالمی اور علاقائی مسائل بھی زیربحث آئے۔

مزید پڑھیں : وزیراعظم عمران خان کی متحدہ عرب امارات کے ہم منصب سے ملاقات

تاہم ملاقات کے بعد یو اے ای کے وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المختوم نے اردو میں عمران خان کے لیے ٹوئیٹ کرکے سب کو حیران کردیا۔

عام طور پر یو اے ای کے وزیراعظم عربی میں ٹوئیٹ کرنے کو ترجیح دیتے ہیں مگر یہ پہلی بار ہے کہ انہوں نے اردو زبان میں ایک ٹوئیٹ کی۔

انہوں نے لکھا 'ہم وزیراعظم پاکستان کو متحدہ عرب امارات میں خوش آمدید کہتے ہیں، ہمارے بھائی چارے اور باہمی تجارت کی لمبی تاریخ ہے، ہمیں ان مشترکہ تعلقات پر فخر ہے'۔

پاکستانی ٹوئٹر صارفین نے دبئی کے حکمران اور یو اے ای کے وزیراعظم کے اس اردو ٹوئیٹ کو سراہا اور دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید مضبوطی کی خواہش ظاہر کی۔

خیال رہے کہ یو اے ای کے وزیراعظم نے رواں ماہ کے شروع میں بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کو ہندی زبان میں دیوالی کی مبارکباد کا ٹوئیٹ بھی پوسٹ کیا تھا۔

اس کے جواب میں بھارتی وزیراعظم نے عربی اور انگلش زبانوں میں جوابی ٹوئیٹ کرکے ان کا شکریہ ادا کیا۔