پاکستان

گلگت: '2 جماعتیں عوام کو ریلیف دینے کے بجائے گالم گلوچ کی سیاست کر رہی ہیں'

موقع ملا توگلگت کے نوجوانوں کےجذبات کو مدنظر رکھتےہوئے مزید بہتراقدامات اٹھائیں گے، چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری
|

پاکستان پیپلز پارٹی (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ملک کے اقتدار پر موجود سیاسی جماعت اور سابق حکمران جماعت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے گالم گلوچ کی سیاست کررہی ہیں۔

چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری ان دنوں گلگت کے دورے پر موجود ہیں، جہاں انہوں نے ضلعی تنظیموں سے ملاقات کے دوران کہا کہ ان کی پارٹی ہی گلگت بلتستان کو جمہوری اور معاشی حقوق دلانے کے حوالے سے موثر اور سنجیدہ اقدامات اٹھائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور گلگت بلتستان کا مضبوط رشتہ ہے جب بھی پیپلز پارٹی وفاق میں برسرِ اقتدار آئی اس نے گلگت بلتستان کے لیے آئینی اور انتظامی اصلاحات کی ہیں خاص کر سابق صدر آصف علی زرداری نے گلگت بلتستان کو انتظامی صوبہ بنایا۔

انہوں نے مقامی ہوٹل میں استور، اسکردو، شگر، گانچھے اور کھرمنگ کی ضلعی تنظیموں سے ملاقات کے دوران کہا کہ پیپلز پارٹی کو اب موقع ملا تو یہاں کے نوجوانوں کے جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید بہتر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: بلاول بھٹو زرداری کے نام ایک سِندھی کا کھلا خط

پی پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں جاؤں گا اور یہاں کے مسائل کو ایوان تک بہتر انداز میں پہنچا کر بھرپور طریقے سے آواز اٹھاؤں گا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کا خطہ بہت ہی خوبصوت ہے اور یہ خطہ پاکستان کے لیے جغرافیائی اعتبار سے بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ گلگت بلتستان کے اکثر لوگ سندھ میں رہائش پذیر ہیں ان کے مسائل کو حل کرنے سمیت تعلیمی اداروں میں گلگت بلتستان کے زیر تعلیم طلبہ کے کوٹے میں اضافے کے حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ کو ہدایات دوں گا اور وہ جلد اس پر عملدرآمد کرائیں گے۔

پی پی پی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی سابق حکومت نے پاکستان میں بینظیر انکم سپورٹ کے نام سے ایک ادارہ قائم کیا تھا جس سے لاکھوں غریب مستفید ہو رہے ہیں اور اس مالیاتی ادارے سے گلگت بلتستان کے غریب لوگ بھی فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو زرداری کے قومی اسمبلی کے خطاب سے سب متاثر

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ایک جماعت نے اپنی حکومت کی مدت پوری کی اور دوسری جماعت حکومت کر رہی ہے دونوں عوام کو ریلیف دینے یا اس طرح کے مواقع پیدا کرنے کے بجائے گالم گلوچ کی سیاست کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک کی واحد جمہوری جماعت ہے جس کے کارکن پاکستان کے چپے چپے میں موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد ملک میں جمہوری اقدار کے ذریعے ادارے چلانا اور جمہوریت کو مستحکم کرنے کے حوالے سے کام کرنا ہے تاکہ جمہوریت مضبوط ہونے سے ادارے مضبوط ہوں۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل سید نیر بخاری، پارٹی رہنما قمر زمان کائرہ اور مصطفیٰ نواز کھوکر سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔