فرانس:پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج، خاتون ہلاک
ہم یہ ثابت کررہے ہیں کہ فرانسیسی اپنی حکومت کی پالیسیوں کی حمایت نہیں کرتے، میکرن امیروں کے صدر ہیں استعفے دے، مظاہرین
فرانس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ملک بھر میں ‘یلو ویسٹ’ موومنٹ کی جانب سے احتجاج کیا گیا اور صدر ایمانوئیل میکرن پر شدید غصے کا اظہا رکیا گیا جبکہ مظاہروں کے دوران ایک خاتون جاں بحق اور 106 افراد زخمی ہوگئے۔
فرانس کے وزیرداخلہ کرسٹوفر کیسٹینر کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 2 لاکھ 44 ہزار افراد نے ملک بھر کی اہم شاہراہوں سمیت 2 ہزار سے زائد مقامات پر احتجاج کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اکثر مقامات میں کوئی ناخوش گوار واقعہ پیش نہیں آیا تاہم چند مقامات پر ڈرائیوروں کی جانب سے گاڑیوں کو آگے بڑھانے کی کوشش پر تلخ کلامی کے باعث بدمزگی دیکھی گئی۔