پاکستان

’عمران خان یوٹرن کے بیان پر بھی یوٹرن لیں گے‘

انتظار فرمائیں اس میں زیادہ دیر نہیں لگے گی، سابق وزیرِ خارجہ خواجہ آصف

سابق وزیرِ خارجہ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان اپنے یوٹرن والے بیان پر بھی یوٹرن لیں گے۔

وزیرِ اعظم عمران خان کے یو ٹرن سے متعلق بیان کے بعد مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف بھی میدان میں آگئے اور وزیرِ اعظم کو آڑھے ہاتھوں لے لیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عمران خان یو ٹرن والے بیان پر بھی یوٹرن لیں گے۔

مزید پڑھیں: حالات کے مطابق یوٹرن نہ لینے والا لیڈر نہیں ہوتا، عمران خان

اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے یوٹرن کے لیے انتظار فرمائیں، (انہیں اپنے بیان پر یوٹرن لینے میں) زیادہ دیر نہیں لگے گی۔

واضح رہے کہ 16 نومبر کو اسلام آباد میں سینئر کالم نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ حالات کے مطابق یوٹرن نہ لینے والا کبھی کامیاب لیڈر نہیں ہوتا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ تاریخ میں نپولین اور ہٹلر جیسے لیڈروں نے یوٹرن نہ لے کر تاریخی شکست کھائی۔

وزیر اعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ جو یوٹرن لینا نہیں جانتا، اس سے بڑا بے وقوف لیڈر کوئی نہیں ہے، تاہم نوازشریف نے عدالت میں یوٹرن نہیں لیا بلکہ جھوٹ بولا تھا۔

وزیر اعظم کے اس بیان پر اپوزیشن رہنماؤں کی جانب سےشدید تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’افسوس ہے کہ اؔمرانہ سوچ رکھنے والا ملک کا وزیراعظم بن گیا‘

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے بھی عمران خان کے بیان پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ اس طرح کی سوچ ووٹ کی توہین ہے، اور افسوس ہے کہ اس طرح کی سوچ کا مالک ملک کا وزیرِ اعظم بن گیا۔

ادھر کراچی کے جناح ہسپتال میں قائدآباد دھماکے میں زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ ’وزیرِاعظم عمران خان یو ٹرن کے بیان پر اب ڈبل یوٹرن ہوگئے ہیں‘۔