ایئرپورٹ انچارج کو دھکا دینے کی ویڈیو پر چیف جسٹس کا ازخود نوٹس
چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے وزیر سیاحت گلگت بلتستان فدا حسین کی جانب سے مبینہ طور پر ایئرپورٹ ارائیول انچارج اسلام آباد کو دھکا دینے کے معاملے کا ازخود نوٹس لے لیا۔
ترجمان سپریم کورٹ کے مطابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے فدا حسین کی جانب سے ایئرپورٹ ارائیول انچارج کو مبینہ طور پر دھکا دینے کے واقعے کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے وزیر سیاحت اور ایئر پورٹ انچارج اسلام آباد کو سپریم کورٹ میں طلب کرلیا۔
چیف جسٹس کل ( 17 نومبر ) کوسپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں مذکورہ ازخود نوٹس کی سماعت کریں گے۔
مزید پڑھیں : گلگت فلائٹ منسوخ ہونے پر احتجاج، صوبائی وزرا نے ایئرپورٹ لاؤنج میں کوٹ جلا دیئے
ترجمان سپریم کورٹ نے بتایا کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق موسم کی خرابی کے باعث اسلام آباد ایئر پورٹ پرواز منسوخ کی گئی تھی جس پر وزیر سیاحت فدا حسین نے ارائیول انچارج سے بدتمیزی کی، انہیں دھکا دیا کہ وہ گرتے گرتے بچے تھے۔
گزشتہ روز سوشل میڈیا پر فدا حسین کی جانب سے اسلام ایئرپورٹ پر ارائیول انچارج سے مبینہ بدتمیزی کرنے اور انہیں دھکا دینے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔
اس سے قبل گلگت کی فلائٹ تیسرے روز بھی منسوخ کیے جانے پر صوبائی وزیر سیاحت فدا خان، وزیر قانون اورنگزیب ایڈووکیٹ سمیت دیگر مسافروں نے ایئرپورٹ لاؤنج میں احتجاج کرتے ہوئے اپنے کوٹ جلا دیئے تھے۔
نیو اسلام آباد ایئر پورٹ پر گلگت کے لیے فلائٹ منسوخ ہونے پر مسافروں کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا تھا ۔
احتجاج کرنے والوں میں صوبائی وزیر سیاحت فدا خان اور وزیر قانون اورنگزیب ایڈووکیٹ بھی شامل تھے جنہوں نے ایئر پورٹ لاونج میں احتجاجاَ اپنے کوٹ جلائے۔
اس کے علاوہ مسافروں نے گلگت کی پرواز بحال ہونے تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ گلگت کی فلائٹ تیسرے روز منسوخ کی گئی تھی جس پر مسافروں نے احتجاج کیا تھا، مذکورہ پرواز میں 25 غیر ملکی مسافروں نے بھی سفر کرنا تھا۔
بعد ازاں گلگت کے وزرا اور ايئرپورٹ منيجر کے درميان ہونے والے کامیاب مذاکرات کے بعد احتجاج کرنے والے مسافروں نے دھرنا ختم کیا تھا۔
دوسری جانب ایئر پورٹ حکام کا کہنا تھا کہ موسم کی خرابی کہ وجہ سے فلائٹ منسوخ کی گئی تھی۔