کھیل

زمبابوے نے بیرون ملک سیریز جیتنے کا نادر موقع گنوا دیا

بنگلہ دیش نے زمبابوے کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 218 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

ڈھاکا: مہدی حسن میراز کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت بنگلہ دیش نے زمبابوے کو دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں 218 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

ڈھاکا میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں جمعرات کو میچ کے پانچویں اور آخری دن مہمان ٹیم نے 443 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اپنی دوسری ادھوری اننگز 76 رنز 2 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو برینڈن ٹیلر 4 اور شان ولیمز 2 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔

شان ولیمز زیادہ دیر وکٹ پر قیام نہ کر سکے اور 13 رنز بناکر مستفیض الرحمن کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے جبکہ سکندر رضا 12 رنز بنا کر پویلین لوٹے تو زمبابوین ٹیم 120 رنز پر 4 وکٹوں سے محروم ہو چکی تھی۔

اس موقع پر برینڈ ٹیلر کا ساتھ دینے پیٹر مور آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 66رنز کی شراکت قائم کر کے اسکور کو 186 تک پہنچا دیا۔

اس موقع پر ایسا محسوس ہوا کہ پہلی اننگز میں 140رنز کی شراکت قائم کرنے والی یہ جوڑی دوسری اننگز میں بھی ایک بڑی پارٹنرشپ قائم کر لے گی لیکن مہدی حسن نے 13 کے انفرادی اسکور پر مور کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

دوسرے اینڈ سے ٹیلر نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی سنچری مکمل کی لیکن دوسرے اینڈ سے کوئی بھی بلے باز ان کا ساتھ نہ دے سکا اور پوری زمبابوین ٹیم 224 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی، ٹیلر نے ناقابل شکست 106رنز کی اننگز کھیلی۔

بنگلہ دیش نے میچ میں 218 رنز سے کامیابی اپنے نام کر کے دو میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

بنگلہ دیش کی طرف سے مہدی حسن مرزا نے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں اپنے نام کیں۔

مشفیق الرحیم کو شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ تیج الاسلام سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔