پاکستان

وزیراعظم 20 نومبر کو ملائیشیا کے سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے

وزیراعظم بننے کے بعد عمران خان پہلی مرتبہ ملائیشیا کا دورہ کریں گے، وہ سعودی عرب اور چین کے سرکاری دورہ کرچکے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان 20 نومبر کو ملائیشیا کے دو روزہ دورے پر روانہ ہوں گے۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا کہ رواں برس دوسری مرتبہ ملائیشیا کے وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد مہاتیر محمد سے ملاقات کے لیے یہ کسی بھی غیر ملکی سربراہ کا پہلا سرکاری دورہ ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم بننے کے بعد عمران خان کا ملائیشیا کا پہلا دورہ ہوگا۔

مزید پڑھیں : غربت،کرپشن کے خاتمے کیلئے چین کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں،وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان اور ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد معاونین کے بغیر ملاقات کریں گے جس کے بعد وفود کی سطح پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد سے وزیراعظم کے طے شدہ 3 غیر ملکی دوروں میں سے ملائیشیا کا دورہ آخری ہوگا۔

اس سے قبل عمران خان نے سعودی عرب اور چین کا دورہ کیا تھا جس میں دونوں ممالک نے پاکستان کو درپیش مالی بحران کا مقابلہ کرنے کے لیے امداد کی یقین دہانی کروائی تھی۔

خیال رہے کہ 18 اکتوبر کو وزیراعظم عمران خان اور ملائیشین ہم منصب کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا تھا جس میں وزیراعظم عمران خان نے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے تبادلوں اور عملی سطح پر اشتراک کی ضرورت پر زور دیا تھا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی ملائیشین ہائی کمشنر سے ملاقات

ریڈیو پاکستان کی علیحدہ رپورٹ کے مطابق پاکستان مییں تعینات ملائیشین ہائی کمشنر اکرام محمد ابراہیم نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔

شاہ محمود قریشی نے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم عمران خان کی سعودی فرمان روا شاہ سلمان سے ملاقات

ملاقات کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’ پاکستان اور ملائیشیا کے تعلقات بہت گہرے ہیں جو مشترکہ مذہب،ورثہ اور تاریخ پر مبنی ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔