پاکستانی سیکیورٹی اداروں کی کوشش سے 5 ایرانی مغوی گارڈز بازیاب
پاکستانی سیکیورٹی اداروں کی کوشش سے اغوا ہونے والے ایرانی گارڈز میں سے 5 کو بازیاب کرا لیا گیا۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق بازیاب کروائے گئے مغویوں کو ایرانی حکام کے حوالے کیا جارہا ہے۔
بیان مین کہا گیا کہ عسکری قیادت کی زیر نگرانی باقی مغویوں کی رہائی کی کوششیں جاری ہیں۔
واضح رہے کہ 16 اکتوبر کو عسکریت پسندوں نے سرحد کے قریب میرجاوہ کے مقام سے 12 سے 14 ایرانی گارڈز کو اغوا کرلیا تھا، جس کے بعد اس علاقے میں کام کرنے والے دہشت گرد گروپ 'جیش العدل' نے ان کے اغوا کی ذمہ داری کا دعویٰ کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا لاپتہ ایرانی محافظوں کو ڈھونڈنے میں مدد کرنے کا اعلان
ایرانی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ عسکریت پسند، گارڈز کو یرغمال بنانے کے بعد پاکستان میں لے گئے تھے۔
ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے اس حوالے سے اپنے پاکستانی ہم منصب سے ملاقات کی تھی اور درخواست کہ تھی کہ وہ گارڈز کی جلد بازیابی کے لیے اقدامات کریں۔
ایران کے اعلیٰ فوجی کمانڈر میجر جنرل محمد حسین بغیری نے پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی درخواست کی تھی کہ وہ مغوی ایرانی سرحدی محافظوں کی تلاش اور واپسی کے لیے کوششیں تیز کریں۔