کونکنی کے بعد رنویر اور دپیکا کی سندھی روایات کے مطابق شادی
بولی وڈ کے رومانٹک جوڑے دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ نے 14 نومبر کو اٹلی کے معروف سیاحتی مقام ’لیک کومو‘ کے پر تعیش ہوٹل میں جنوبی ہندوستانی کونکنی روایات کے مطابق شادی کی تھی۔
جوڑے نے کونکنی روایات کے مطابق اس لیے شادی کی، کیوں کہ دپیکا پڈوکون کا تعلق ہند آریائی نسل سے ہے، جو کونکنی زبان بولتے ہیں، انہیں کونکنی قوم کے افراد بھی کہا جاتا ہے۔
جہاں جوڑے کی پہلی شادی انتہائی رازاداری کے ساتھ محدود اور خاص مہمانوں کے سامنے ہوئی، وہیں دونوں نے 15 نومبر کو ایک بار پھر شادی کی۔
15 نومبر کو جوڑے نے سندھی روایات کے مطابق شادی کی، کیوں کہ رنویر سنگھ کا تعلق سندھی نسل سے ہے۔
رنویر سنگھ کے آباؤ اجداد تقسیم ہند سے قبل پاکستان کے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں مقیم تھے، تاہم پاکستان بننے کے بعد ان کا خاندان بھارت منتقل ہوگیا۔
رنویر سنگھ کے خاندان کے افراد اب بھی جہاں سندھی زبان بولتے ہیں، وہیں وہ اپنی روایات کو بھی برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ شادی کے بندھن میں بندھ گئے
یہ خبریں پہلی ہی تھیں کہ جوڑا سندھی روایات میں شادی کرے گا۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق 14 نومبر کو کونکنی اسٹائل کے بعد 15 نومبر کو جوڑا سندھی روایات کے مطابق شادی کے بندھن میں بندھ گیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اگرچہ جوڑے کی شادی کو کئی گھنٹے گزر چکے ہیں، تاہم تاحال ان کی شادی کی پہلی تصویر سامنے نہیں آئی۔