پاکستان

لاہور میں ماں اور 2 بیٹیوں کا قتل

پولیس نے تیسری زخمی بیٹی کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا، رپورٹ

صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ماں اور 2 بیٹوں کو قتل کردیا گیا جبکہ ایک زخمی بیٹی کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا تھا کہ واقعہ لاہور کے علاقے شاد باغ میں پیش آیا جہاں چن شاہ قبرستان سے ایک خاتون اور 2 کم عمر لڑکیوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

پولیس نے جائے وقوع سے ایک زخمی لڑکی کو تشویشناک حالت میں علاج کے لیے ہسپتال منتقل کردیا۔

مزید پڑھیں: غیرت کے نام پر بیٹوں کے ہاتھوں 50 سالہ ماں کا قتل

واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے پولیس کا کہنا تھا کہ جاں بحق خاتون کی عمر 40 سال اور لڑکیوں کی عمر 12 سے 15 سال ہے جبکہ زخمی حالت میں ملنے والی لڑکی کی شناخت 15 سے 16 سالہ رابعہ کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق ہلاک اور زخمی ہونے والی تینوں لڑکیاں سگی بہنیں ہیں جبکہ ہلاک ہونے والی تینوں خواتین کو پمپ ایکشن کے فائر مارے گئے۔

ڈان نیوز کے مطابق واقعے کے اطلاع ملتے ہی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) سٹی، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) اور ایس ایچ او جائے وقوع پر پہنچے اور تفتیش کا آغاز کردیا۔

ایس پی سٹی معاذ ظفر کے مطابق وقوعہ کے بارے میں مزید کچھ کہنا قبل ازوقت ہو گا۔

علاوہ ازیں واقعے کی تفتیش کرنے والے پولیس افسران کا کہنا تھا کہ زخمی رابعہ کے مطابق ان کے بھائی نے فائر مارے کیے تھے۔

اس سے قبل میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ ان ماں بیٹیوں کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کیا گیا ہے تاہم پولیس نے اس کی تصدیق کا تردید نہیں کی۔

بعد ازاں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے شاد باغ میں ماں اور 2 بیٹیوں کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔

یہ بھی پڑھیں: غیرت کے نام پر قتل: 2 بھائیوں کو سزائے موت

ڈان نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ نے سی سی پی او لاہور سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے انہیں جلد گرفتار کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقتولین کے ورثا کو ہر قیمت پر انصاف فراہم کیا جائے۔