پاکستان

کراچی: سیل کیے جانے والے ریسٹورنٹ کے گودام سے زائدالمیعاد گوشت برآمد

گودام کوایک سال پرانی زائدالمیعاد شربت کی بوتلیں،3 سال پرانا گوشت برآمد ہونے پر سیل کردیا گیا، ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی سندھ
|

کراچی کے علاقے کلفٹن میں مبینہ طور پر مضر صحت کھانے سے دو بچوں کی ہلاکت کے بعد سیل کیے جانے والے ریسٹورنٹ کے گودام سے زائد المیعاد شربت کی سیکڑوں بوتلیں اور دو من گلا سڑا گوشت برآمد ہوا۔

مضر صحت اشیا برآمد ہونے پر ایری زونا گرل ریسٹورنٹ کے گودام کو بھی سیل کردیا گیا۔

فوڈ اتھارٹی سندھ کی ٹیم نے مضر صحت کھانے سے بچوں کے جاں بحق ہونے کے بعد تحقیقاتی کارروائی کے دوران ریسٹورنٹ کے گوادم پر چھاپہ مارا۔

ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی سندھ ابرار شیخ نے بتایا کہ ’گودام سے ایک سال پرانی زائد المیعاد شربت کی سیکڑوں بوتلیں اور تین سال پرانا 80 کلوگرام گوشت برآمد کیا گیا۔'

مزید پڑھیں: مضر صحت کھانے سے 2 بچوں کی ہلاکت، فوڈ اتھارٹی کی نگرانی کیلئے کمیٹی تشکیل

اس سے قبل ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو پیش کی گئی رپورٹ میں بتایا تھا کہ ریسٹورنٹ کو حال ہی میں معیار بہتر کرنے کے لیے نوٹس جاری کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ 11 نومبر کو انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ کلیم امام نے کلفٹن میں مضر صحت کھانا کھانے سے 2 بچوں کی ہلاکت کا نوٹس لیا تھا۔

فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق متاثرہ گھرانے نے دو روز قبل رات کو زمزمہ پر واقع ریسٹورنٹ 'ایری زونا گرل' سے کھانا اور 'چنکی منکی' سے سوئیٹس کھائی تھیں۔

2 کمسن بھائیوں کے مبینہ طور پر مضر صحت کھانا کھانے سے جاں بحق ہونے کے بعد گزشتہ روز تحقیقات کا آغاز کیا گیا تھا۔

اس حوالے سے بتایا گیا تھا کہ متاثرہ خاندان کے 2 بچے ڈیڑھ سالہ احمد اور 5 سالہ محمد جاں بحق ہوئے تھے اور بچوں کی والدہ اور بہن کو ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: مبینہ مضر صحت کھانا کھانے سے جاں بحق بچوں کا پوسٹ مارٹم مکمل

گزشتہ روز جاں بحق ہونے والے دونوں بچوں کی پوسٹ مارٹم کے بعد نماز جنازہ ادا کردی گئی تھی۔

پوسٹ مارٹم سے متعلق جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) کے ایڈیشنل پولیس سرجن ڈاکٹر شیراز علی خواجہ نے بتایا تھا کہ بچوں کی موت کی وجوہات کیمیائی رپورٹ میں سامنے آئیں گی۔

بعد ازاں صوبائی وزیر خوراک ہری رام کشوری لال نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا تھا کہ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔