پاکستان

کلفٹن میں مضر صحت کھانا کھانے سے 2 بچے جاں بحق

ایری زونا گرل سیل کردیا گیا، بچوں کی والدہ اور بہن ہسپتال میں زیر علاج ہیں، پولیس
|

کراچی: انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ کلیم امام نے کلفٹن میں مضر صحت کھانا کھانے سے 2 بچوں کی ہلاکت کا نوٹس لے لیا۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ متاثرہ خاندان کے دو بچے ڈیڑھ سالہ احمد اور 5 سالہ محمد جاں بحق ہوگئے اور بچوں کی والدہ اور بہن کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ’مضر صحت خوراک سے سالانہ4 لاکھ 20ہزار اموات‘

ڈاکٹروں کے مطابق دونوں ماں اور بیٹی کی حالت تشویشناک ہے۔

فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق متاثرہ گھرانے نے گزشتہ رات زمزمہ پر واقع ریسٹورنٹ ایری زونا گرل سے کھانا اور چنکی منکی سے سوئٹس کھائی تھی۔

دوسری جانب ایس ایس پی ساؤتھ نے ریسٹورنٹ کے خلاف اقدامات اٹھاتے ہوئے فرانزک شواہد کے لیے ایری زونا ریسٹورنٹ سیل کردیا۔

مزید پڑھیں: مضر صحت خوراک سے طلبہ کی ہلاکت، پرنسپل کو 17 سال کی قید

ایس ایس پی محمد شاہ نے بتایا کہ ریسٹورنٹ کو سیل کردیا گیا تاہم فوڈ اتھارٹی کی جانب سے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

ایس ایس پی کے مطابق ہوٹل سے کھانا کھانے کے بعد طبیعت خرابی کا کوئی اور واقعہ رپورٹ نہیں ہوا اور تحقیقات میں وقت لگے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ کا نوٹس

واقعہ کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کمشنر کراچی کو مکمل تحقیقات کے بعد رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

انہوں نے کہا کہ اس امر کی تفتیش کی جائے کہ کیا فوڈ انسپکٹر نے اپنے فرائض کی ادائیگی میں لاپرواہی برتی؟۔

اسی دوران سندھ فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر آپریشن ابرار شیخ نے کلفٹن میں ریسٹورنٹ کا دورہ کیا۔

ابرار شیخ نے ابتدائی رپورٹ میں بتایا کہ ریسٹورنٹ سے 12 کھانوں کے نمونے جمع کرلیے گئے ہیں۔

اس ضمن میں مزید بتایا گیا کہ متعلقہ حکام نے تفتیش کے مقاصد کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرلی ہیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ نے فوڈ اتھارٹی کو شہر بھر میں تمام ریسٹورنٹ کا جائزہ لینے کی ہدایت کردی۔