پی سی بی نے ملتان سلطانز کا معاہدہ منسوخ کردیا
پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے شون پراپرٹی بروکرز کی زیر ملکیت فرنچائز ملتان سلطانز کا معاہدہ منسوخ کردیا ہے جس کے بعد فرنچائز کے تمام تر مالکانہ حقوق واپس پاکستان کرکٹ بورڈ کو منتقل ہو گئے ہیں۔
ملتان سلطانز کی ٹیم طے شدہ وقت کے مطابق متعدد مواقع ملنے کے باجود بینک گارنٹی جمع کرانے میں ناکام رہی جس کے بعد پی سی بی نے ان کا معاہدہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ملتان سلطانز کی جانب سے معاہدے کے مطابق مالیاتی امور طے شدہ وقت پر انجام نہ دینے پر سابق فرنچائز کا معاہدہ منسوخ کردیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کا چوتھا ایڈیشن اپنے وقت پر منعقد ہو گا اور اس میں گزشتہ ایڈیشن کی طرح 6ٹیمیں شرکت کریں گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کھلاڑیوں اور کوچ کے معاہدوں کی تمام تر ذمے داری پی سی بی پر ہو گی اور جب تک مزید معاملات طے نہیں پا جاتے، اس وقت تک اس فرنچائز کو ’چھٹی ٹیم‘ کے نام سے پکارا جائے گا۔
پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے لیے ڈرافٹ کا عمل 20نومبر کو ہو گا اور اس میں پاکستان کرکٹ بورڈ ’چھٹی ٹیم‘ کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب خود کرے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے واضح کیا کہ کسی نئے فریق کو ’چھٹی ٹیم‘ کے حقوق کی منتقلی کے لیے باقاعدہ ٹینڈر نوتس جاری کیا جائے گا اور پھر طے شدہ ضابطوں اور اصولوں کے مطابق تمام تر حقوق اس فریق کو منتقل ہو جائیں گے جس کے بعد وہ فرنچائز کو اپنی مرضی کے شہر کے انتخاب اور نام دینے میں خود مختار ہو گا۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم کی بولی کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے 5.2ملین ڈالر سالانہ کی بنیادی رقم مختص تھی اور شون گروپ واحد فریق تھا جس نے بولی کے عمل میں حصہ لے کر فرنچائز اپنے نام کر کے اسے ’ملتان سلطان‘ کا نام دیا تھا۔
گزشتہ سال ہونے والے پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں ملتان سلطان نے پہلی مرتبہ شرکت کی تھی لیکن ان کے لیے ایونٹ کی یادیں خوشگوار نہیں رہی تھیں اور ابتدائی میچوں میں کامیابیوں کے بعد مسلسل ناکامیوں کے سبب وہ پلے آف مرحلے میں بھی نہیں پہنچ سکے تھے۔
پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز 14فروری 2019 کو رنگارنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ متحدہ عرب امارات میں ہو گا۔