ٹھگز آف ہندوستان: فلم بینوں کو ٹھگنے کی کوشش؟
برِصغیر پاک و ہند کا شاید ہی کوئی ریگولر فلم بین ہو جس نے ’پائریٹس آف دا کریبین‘ سیریز کی کوئی ایک آدھ فلم نہ دیکھ رکھی ہو۔ اس سلسلے کی پہلی فلم 2003ء میں ریلیز ہوئی اور آخری فلم 2017ء میں ریلیز ہوئی۔ سیریز کا کُل دورانیہ 726 منٹ بنتا ہے۔ پائریٹس آف دا کیریبین سیریز کا کُل بجٹ ایک اعشاریہ 274 ارب ڈالر جبکہ اس سیریز نے اپنے بنانے والوں کو 4 ارب 52 کروڑ 43 لاکھ 58 ہزار 182 ڈالر کما کردیے۔
ٹھگز آف ہندوستان سے قبل پائریٹس آف دا کریبین کی بابت بتانے کی وجہ یہ ہے کہ فلم ٹھگز آف ہندوستان، اسی فلم کا ہوبہو چربہ بنانے کی سعی کی گئی ہے اور فلم میکرز کا دعویٰ تھا کہ ہماری فلم ہولی وڈ کی پائریٹس آف دا کریبین کا جواب ہے۔
یش راج فلمز کے بینر تلے بننے والی اس میگا بجٹ فلم میں جہاں امیتابھ بچن، عامر خان اور کترینہ کیف جیسے بڑے اسٹار اپنے جلوے بکھیرتے دکھائی دیتے ہیں، وہیں ہدایت کار ’وجے کرشنا اچاریہ‘ سے بھی فلم ٹریڈ کو بہت امیدیں وابستہ تھیں، جن کے کریڈٹ پر دھوم ون اور ٹو کے مکالمے اور دھوم تھری کے مکالمے و ہدایت کاری شامل ہے۔ یاد رہے کہ وجے کرشنا دھوم تھری کی شکل میں پہلے ہی 300 کروڑ کی فلم بولی وڈ انڈسٹری کو دے چکے ہیں اور خیال تھا کہ وہ شاید اس مرتبہ اپنا ریکارڈ مزید بہتر بنادیں گے۔