سام سنگ کا فولڈ ایبل فون سامنے آگیا
سام سنگ نے برسوں کے انتظار کے بعد آخرکار اپنے فولڈ ایبل یا کاغذ کی طرح لچکدار فون کو متعارف کراتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی پروڈکشن آئندہ چند دنوں میں شروع ہوگی۔
سان فرانسسکو میں سام سنگ کی ڈویلپر کانفرنس کے دوران کمپنی کے سنیئر نائب صدر جسٹن ڈینسین نے اس فون کی پہلی جھلک پیش کی جو کہ مکمل اوپن ہونے پر ایک ٹیبلیٹ کی شکل میں ہوگا جبکہ بند ہونے پر اسمارٹ فون بن جائے گا۔
اس میں سام سنگ نے نئی ڈسپلے ٹیکنالوجی استعمال کی ہے جسے انفٹنی فلیکس ڈسپلے کا نام دیا گیا ہے جو کہ صارفین بغیر کسی مشکل کے ڈیوائس کی اسکرین کو کھولنے اور بند کرنے میں مدد دیتی ہے۔
مزید پڑھیں : کیا سام سنگ کا فولڈ ایبل فون ایسا ہوگا؟
جسٹن ڈینسین کے مطابق انفٹنی فلیکس ڈسپلے نئے موبائل پلیٹ فارم کی نمائندگی کرتا ہے، ہم ایسی دنیا میں رہ رہے ہیں جہاں اسکرین کا سائز اتنا ہی ہوسکتا ہے جتنا ڈیوائس کا حجم، ہم نے ایک نئے پیمانے کا اضافہ کیا ہے تاکہ صارفین کو براﺅز، ویڈیو واچ اور ملٹی ٹاسکنگ کا ایسا تجربہ ملے جو پہلے کبھی نہیں ہوا ہوگا۔