پاکستان

مٹھی: باپ کا نوجوان بیٹیوں پر کلہاڑی سے حملہ، ایک ہلاک

پولیس نے مبینہ حملہ آور کو حراست میں لے لیا اور زخمی لڑکی اور اس کی بہن کی لاش کو تعلقہ ہسپتال ڈپلو منتقل کردیا۔
|

مٹھی سے 60 کلومیٹر مسافت پر واقع گاؤں کھیٹلری میں اک شخص نے اپنی دو نوجوان بیٹیوں کو کلہاڑیوں کے وار سے نشانہ بنایا۔

مذکورہ شخص کی شناخت سگرام بھیل کے نام سے ہوئی جس نے 8 سالہ ثمینہ اور 14 سالہ جمنا پر کلہاڑی سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ثمینہ نامی لڑکی موقع پر ہی ہلاک جبکہ جمنا شدید زخمی ہوگئی۔

بعدازاں پولیس نے مبینہ حملہ آور کو حراست میں لے لیا اور زخمی لڑکی اور اس کی بہن کی لاش کو تعلقہ ہسپتال ڈپلو منتقل کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: ریپ کا نشانہ بننے والی بہنیں غیرت کے نام پر قتل

سینئر سپریٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) تھرپارکر عمران قریشی نے اہلکاروں کو دیوالی کی شام ہونے والے اس اندوہناک واقعے کی مکمل تحقیقات کر کے 24 گھنٹے میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

پولیس ذرائع نے اس بارے میں ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مبینہ قاتل گزشتہ کافی عرصے سے ذہنی طور پر بیمار تھا۔

دوسری جانب سندھ میں بچوں کے حقوق کا تحفظ کرنے والی تنظیم کے عہدیدار اور تھر میں خودکشی کے واقعات میں اضافے کے خلاف کام کرنے والے سماجی کارکن ایڈوکیٹ کاشف بجیر نے ڈان سے گفتگو میں واقعہ کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

مزید پڑھیں: غیرت کے نام پر بیٹوں کے ہاتھوں 50 سالہ ماں کا قتل

ان کا کہنا تھا کہ حالیہ واقعے سے پرامن علاقے کے افراد، جو پہلے ہی خشک سالی کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں، میں خوف و ہراس کی فضا پھیل گئی ہے۔