پاکستان

دادو: انڈس ہائی وے پر بس اور ٹرالر میں تصادم، 8 افراد ہلاک، 28 زخمی

حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، مسافر بس لاڑکانہ سے کراچی آرہی تھی کہ ٹرالر سے ٹکرا گئی، ایس ایس پی دادو
|

صوبہ سندھ کے علاقے دادو کے قریب مسافر بس اور ٹرالر میں تصادم کے درمیان 8 افراد جاں بحق اور 28 زخمی ہوگئے۔

ٹریفک حادثہ دادو شہر سے 15 کلو میٹر دور شہید مخدوم بلاول ٹاؤن میں انڈس ہائی وے پر ہوا۔

ایس ایس پی دادو پرویز احمد عمرانی کا کہنا تھا کہ مسافر بس لاڑکانہ سے کراچی آرہی تھی کہ شہید مخدوم بلاول ٹاؤن پر ڈرائیور نے کوچ کو ٹرالر کے پیچھے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 8 مسافر موقع پر جاں بحق جبکہ 28 زخمی ہوگئے۔

مزید پڑھیں: انڈس ہائی وے پرحادثہ،ایک ہی خاندان کے 8 افراد ہلاک

انہوں نے کہا کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا اور ٹرالر کے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ کوچ کا نامعلوم ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔

احمد عمرانی کا کہنا تھا کہ حادثے کے فوری بعد شہید مخدوم بلاول پولیس کے مقامی لوگ جائے حادثے پر پہنچے اور کوچ کے حصوں کو کاٹ کر لاشوں اور زخمیوں کو سول ہسپتال دادو منتقل کیا۔

انہوں نے کہا کہ حادثے کا شکار ہونے والی کوچ اور ٹرالر کو پولیس نے قبضے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

بعد ازاں حادثے میں جاں بحق 8 مسافروں میں سے 7 کی لاشیں ان کے آبائی علاقوں کراچی، واڑہ اور لاڑکانہ منتقل کردیا گیا جبکہ 40 سالہ ایک نامعلوم خاتون کی لاش سول ہسپتال دادو میں موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سیہون: انڈس ہائی وے پر ٹریفک حادثہ، 5 بچوں سمیت 10 افراد جاں بحق

ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت 45 سالہ شبیر احمد ولد صاحب خان شابرانی، 42 سالہ محمد اسلم، 40 سالہ ارشد ولد احمد نواز کھوسو، 36 سالہ نور محمد ولد عبدالرشید، 43 سالہ وزیر علی ولد علی گوہر، 29 سالہ غلام شبیر ولد احمد خان شابرانی، طارق علی ولد علی بخش مورو کے نام سے ہوئی جبکہ جاں بحق ہونے والوں میں ایک 40 سالہ نامعلوم خاتون بھی شامل ہیں۔

خیال رہے کہ انڈس ہائی وے پر تیز رفتاری کے باعث پہلے بھی کئی حادثات ہوچکے ہیں، رواں سال ماہ ستمبر میں ایک مزدا اور سوزوکی بولان میں تصادم ہوا تھا، جس سے ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے 8 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے تھے۔