پاکستان

پاک-امریکا تعلقات میں بہتری کے اشارے ملے ہیں، شاہ محمود قریشی

امریکی حکام باہمی تجارت اور شعبہ توانائی میں معاونت کے فروغ پر گفتگو کے لیے پاکستان کا دورہ کریں گے، رپورٹ

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے مابین تعلقات کی تجدید نو جاری ہے اور آئندہ آنے والے دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان ہم آہنگی میں اضافہ ہوگا۔

دفتر خارجہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ دو طرفہ تعلقات شدید مشکلات کا شکار ہوگئے تھے تاہم اب اس میں بہتری کے اشارے ملے ہیں۔

واضح رہے کہ وزیر خارجہ امریکی نائب معاون سیکریٹری اسٹیٹ برائے جنوبی اور وسط ایشیائی امور ایلس ویلز کے دورے کے حوالے سے سوالات کے جوابات دے رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک-امریکا مشترکہ مقاصد کے حصول کیلئے کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق

دورے کے دوران ایلس ویلز نے وزیر خزانہ اسد عمر سے ملاقات کی اور دفتر خارجہ میں وفود کی سطح پر تبادلہ خیال کیا جس میں وزارت داخلہ اور دفاع کے حکام بھی شریک تھے۔

اس حوالے سے وزیر خارجہ خورشید محمود قریشی نے بتایا کہ دفتر خارجہ میں بین الوزارت گفتگو اچھی رہی جس میں ایلس ویلز نے پاکستانی حکام کو آگاہ کیا کہ اعلیٰ سطحی امریکی عہدیدار باہمی تجارت اور توانائی کے شعبے میں معاونت کے فروغ پر گفتگو کے لیے پاکستان کا دورہ کریں گے۔

وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ حالانکہ افغانستان ایک بہت اہم معاملہ ہے تاہم دونوں ممالک کے عہدیداران کے مابین ہونے والی گفتگو کا موضوع دو طرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں کی جانب مبذول رہا۔

مزید پڑھیں: امریکی سفیر ایلس ویلز منگل کو اسلام آباد پہنچیں گی

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایلس ویلز نے افغانستان میں جاری مفاہمت کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ افغان صدر اشرف غنی نے طالبان سے مذاکرات کے لیے ایک مشاورتی کونسل تشکیل دی ہے۔

بعدازاں دفتر خارجہ سے جاری ہونے والےبیان کے مطابق دونوں فریقین کے درمیان ہونے والی گفتگو میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور امریکی سیکریٹری اسٹیٹ کی ملاقات میں طے پانے والے سمجھوتے کے تحت تعلقات کی بہتری پر اتفاق کیا گیا۔

بیان کے مطابق ملاقات میں پاکستانی حکام نے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں اقتصادی، تجارتی اور عوام کی سطح پر روابط کو فروغ دینے پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں: قریشی-پومپیو ملاقات: امریکا کی پھر پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش

اس کے ساتھ دونوں اطراف کے عہدیداروں نے علاقائی امن اور استحکام کے مشترکہ مقاصد کو فروغ دینے اور دو طرفہ تعلقات کو کثیرالجہت بنانے کی کوششوں پر رضامندی کا اظہار کیا۔


یہ خبر 7 نومبر 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔