پاکستان

ریپ کا نشانہ بننے والی بہنیں غیرت کے نام پر قتل

صادق آباد میں مقامی وڈیروں نے لڑکیوں کو اغوا کے بعد ریپ کیا، متاثرہ لڑکیاں واپس گھر پہنچی تو چچا نے قتل کردیا، رپورٹ

رحیم یار خان کی تحصیل صادق آباد میں ریپ کا شکار بننے والی دو سگی بہنوں کو چچا نے غیرت کے نام پر قتل کردیا۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ مذکورہ واقعہ صادق آباد کے علاقے بھونگ میں اس وقت پیش آیا جب مقامی بااثر وڈیروں نے دو سگی بہنوں 18 سالہ فرزانہ اور 20 سالہ بسراں کو اغوا کرکے ریپ کا نشانہ بنایا۔

پولیس کے مطابق دونوں بہنیں زیادتی کا نشانہ بننے کے بعد واپس گھر پہنچی تو ان کے چچا محمد سلیم نے اپنے دوست شاہنواز کی مدد سے لڑکیوں کے گلے میں پھندا ڈال کر قریب کھیت میں گھسیٹتے ہوئے لے گئے اور اسی دوران دونوں کی موت واقع ہو گئی۔

متاثرہ لڑکیوں کے والد مرید حسین نے پولیس کو بیان دیا کہ ’بااثر مقامی وڈیروں شاہ مراد ڈاہر اور علی دوست کھڑو نے لڑکیوں کو 4 نومبر کو بستی غلاب خان سے اغوا کیا اور ریپ کا نشانہ بنایا‘۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: معذور لڑکی کے ساتھ ریپ کرنے والے 2 افراد کو 20 سال قید کی سزا

متاثرہ لڑکیوں کے والد نے بتایا کہ ’ملزمان نے لڑکیوں کو 5 نومبر بروز پیر چھوڑ دیا اور جب لڑکیاں واپس گھر پہنچی تو قریبی رشتے دار شاہ نواز اور محمد سلیم نے گلہ گھونٹا اور کھنچتے ہوئے قریبی کھیت میں لے گئے جس کے نتیجے میں ان کی موت واقع ہو گئی‘۔

مرید حسین نے بذریعہ فون ایس ایچ او پولیس اسٹیشن بھونگ اور تفتیشی افسر عبدالحکیم کو واقعہ سے متعلق آگاہ کیا۔

پولیس نے پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کے سیکشن 302، 311، 34 کے تحت ایف آئی آر 222/18 درج کرلی ۔

مزید پڑھیں: کشمیری لڑکی کے ریپ اور قتل کے واقعے نے بھارت کا سر شرم سے جھکا دیا، مودی

پولیس کے مطابق دونوں لڑکیوں کی لاش صادق آباد کے اسپتال میں پوسٹ مارٹم کے لیے روانہ کردی گئی تاہم اب تک 3 افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔

دوسری جانب دعویٰ کیا گیا کہ پولیس کی جانب سے بااثر اغوا کاروں کی گرفتاری میں لاپرواہی برتی جارہی ہے۔