بھارتی فوج مظالم سے کشمیروں کی جدوجہد نہیں دبا سکتی، ترجمان پاک فوج
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ بھارتی فوج مظالم سے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے کی جانے والی سیاسی جدوجہد کو نہیں دبا سکتی۔
72 ویں یوم شہداء کشمیر کے موقع پر ایک ٹوئٹ میں میجر جنرل آصف غفور نے کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’ 6 نومبر 1947 سے لے کر آج تک شہید ہونے والے کشمیریوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، ان شہداء کی قربانیاں انشا اللہ ضرور رنگ لائیں گی‘۔
مزید پڑھیں: برطانوی پارلیمانی گروپ نے کشمیر میں بھارتی جارحیت کی تصدیق کردی
انہوں نے کہا کہ ’قابض بھارتی افواج کی جانب سے جاری مظالم کشمیریوں کو حق خود ارادیت کے قانونی حق کے لیے کی جانے والی سیاسی جدوجہد سے نہیں روک سکتے‘۔
خیال رہے کہ لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں موجود کشمیری آج یوم شہداء کشمیر منا رہے ہیں، اس دن کا منانے کا مقصد ان کشمیریوں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے، جنہوں نے اپنے حق خود ارادیت کے لیے جانیں قربان کیں۔
6 نومبر 1947 میں اس وقت کے کشمیری حکمران مہاراجا ہری سنگھ کے حامیوں، بھارتی فوج اور ہندو انتہا پسندوں نے مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں ہزاروں کشمیروں کو قتل کیا تھا، انہیں کی یاد میں ہر سال کشمیری اس دن کو یوم شہداء کشمیر کے طور پر مناتے ہیں۔
صدر اور وزیراعظم آزاد کشمیر کا شہداء کو خراج عقیدت
دوسری جانب آزاد کشمیر کے صدر سردار محمد مسعود خان نے کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’ اس روز مہاراجا ہری سنگھ کی فورس اور انتہا پسند ہندوؤں نے مسلمانوں کے خلاف ظلم و ستم کرکے جدوجہد آزادی کشمیر میں ایک نئی روح پھونک دی تھی‘
انہوں نے کہا کہ ’اس مہاراجا ہری سنگھ اور ان کے حامیوں نے جموں میں ڈھائی لاکھ کے قریب ان مسلمانوں کو قتل کیا جو پاکستان ہجرت کرنا چاہتے تھے۔‘
یوم شہداء کشمیر پر آزاد کشمیر کے وزیر اعظم راجا فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ’ آزاد کشمیر کے لوگ کشمیر کی آزادی کی جدوجہد سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، چاہے انہیں کتنی بڑی ہی قربانی کیوں نہ دینی پڑے‘۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی قبضے کے 71 برس مکمل، کشمیر سمیت دنیا بھر میں یوم سیاہ
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز اور کٹھ پتلی حکومت کشمیریوں کی آواز دبانے کی کوششوں میں مصروف ہیں لیکن کشمیری عوام اپنی آزادی کے لیے مزاحمت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’برہان وانی اور منان وانی کی شہادت کے بعد کشمیری کی آزادی کی جدوجہد ایک نئے دور میں شامل ہوگئی ہے اور کشمیری نوجوان بھارتی قبضے سے آزادی کے لیے جانوں کا نظرانہ دینے کو تیار ہیں‘۔
یوم شہداء پر مزید 2 کشمیری قتل
ادھر بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے اپنے ظلم کا سلسلہ بند نہیں کیا اور ضلع شوپیاں میں مزید 2 کشمیریوں جاں بحق ہوگئے۔
کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج نے ضلع کے علاقے صفانگری میں محاصرہ کیا اور سرچ آپریشن کے دوران محمد ادریس سلطان اور عامر حسین راٹھور نامی نوجوانوں کو قتل کردیا۔