دنیا

فلوریڈا کے یوگا اسٹوڈیو میں فائرنگ، 2 خواتین ہلاک

40 سالہ مسلح حملہ آور نے متعدد لوگوں پر فائرنگ کے بعد خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کر لی، پولیس

امریکا کی ریاست فلوریڈا میں ایک شخص نے یوگا اسٹوڈیو میں فائرنگ کر کے 2 افرادکو قتل کرنے کے بعد خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کر لی۔

جمعہ کی شام ساڑھے 5 بجے تالا ہیسی پولیس ڈپارٹمنٹ کو علاقے کے یوگا اسٹوڈیو میں فائرنگ کی اطلاع ملی جہاں فائرنگ کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں: بھارت میں آسٹریلین سیاح کی پھندا لگی لاش برآمد

بعدازاں پولیس نے اپنے بیان میں بتایا کہ جائے وقوع پر فائرنگ سے حملہ آور کے ساتھ ساتھ مزید 6 افراد بھی زخمی ہوئے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق حملہ آور کی شناخت 40 سالہ اسکاٹ پال بیئرلی کے نام سے ہوئی ہے جس نے فائرنگ کے بعد خود کو بھی گولی مار کر ہلاک کر لیا تاہم ابھی تک فائرنگ کی وجہ سامنے نہیں آ سکی۔

حملے کے نتیجے میں زخمی ہونے والی 2 خواتین ہسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئیں، ان میں سے طالب علم اور دوسری یونیورسٹی کی ملازمہ تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت میں آدم خور شیرنی کو قتل کردیا گیا، نیا تنازع کھڑا

ہلاک ہونے والی 61 سالہ نینسی وین ویسم فلوریڈا اسٹیٹ یونیورسٹی کالج آف میڈیسن کی فیکلٹی کی رکن اور ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز تھیں جبکہ 21 سالہ مورا بنکلے فلوریڈا اسٹیٹ یونیورسٹی کی طاب علم تھیں۔

فلوریڈا اسٹیٹ یونیورسٹی کے صدر جان تھریشر نے اپنی یونیورسٹی کے 2 افراد کی ہلاکت پر مقتولین کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا۔

زخمیوں میں سے 2 کی حالت اب خطرے سے باہر ہے جبکہ معمولی زخمی ہونے والے 3 افراد کو ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔

ضرور پڑھیں: مولانا سمیع الحق کے قتل پر افغان طالبان کا رد عمل

تالاہیسی پولیس کے سربراہ ڈی لیو نے بتایا کہ ہمیں اس بات کے شواہد ملے ہیں کہ حادثے سے قبل متعدد لوگوں نے حملہ آور کو روکنے کی کوشش کی اور خود کو بچانے کے ساتھ ساتھ دیگر افراد کی زندگیوں کو بھی محفوظ بنانے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ فائرنگ ایک فرد واحد کا عمل ہے اور اس سے دیگر افراد کو کسی قسم کے خطرات لاحق نہیں۔

فلوریڈا کے گورنر کے عہدے کے لیے مہم چلانے کے والے تالاہیسی کے میئر واقعے کے فوراً بعد اپنی مہم ادھوری چھوڑ کر شہر واپس لوٹ آئے اور اپنی ٹوئٹ میں واقعے پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا۔