حکومت سے معاہدہ طے پاگیا، مظاہرین کا دھرنا ختم کرنے کا اعلان
معاہدے کی رو سے حکومت آسیہ بی بی کیس میں نظرثانی اپیل پر اعتراض نہیں کرے گی، معاہدے کا متن
لاہور: تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) اور حکومت کے مابین مذاکرات طے پاگئے جس کے بعد ٹی ایل پی کی قیادت نے ملک گیر احتجاج اور دھرنوں کا سلسلہ ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
معاہدے کے مطابق آسیہ بی بی کا نام فوری طور پر ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کے لیے قانونی کارروائی عمل میں لائے جائے گی۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق ٹی ایل پی اور حکومت کے درمیان کامیاب مذاکرات کو حتمی شکل دی جا چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آسیہ بی بی کی بریت کے فیصلے پر نظر ثانی کے لیے اپیل دائر
واضح رہے کہ آسیہ بی بی کی بریت کے خلاف ملک گیر دھرنے جبکہ حکومت اور ٹی ایل پی کے مابین گزشتہ 2 روز سے مذاکرات بھی جاری تھے۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ وفاقی حکومت، صوبائی حکومت اور تحریک لبیک پاکستان کے مابین معاہدہ طے پاگیا ہے۔