نیوزی لینڈ سے ون ڈے سیریز کے اسکواڈ سے بھی عامر ڈراپ
نیوزی لینڈ کے خلاف 3 ایک ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے اور محمد عامر ایک مرتبہ پھر اسکواڈ میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔
قومی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ انضمام الحق نے ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے مشاورت کے بعد اسکواڈ کا اعلان کیا۔
آسٹریلیا کے خلاف سیریز سے ڈراپ ہونے والے محمد عامر نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز کے بعد ون ڈے سیریز کے اسکواڈ میں بھی جگہ نہ بنا سکے جس کے بعد ان کے کیریئر پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔
ٹی20 سیریز میں شاندار کارکردگی پر عماد وسیم کی ایک سال کے طویل عرصے کے بعد ون ڈے ٹیم میں بھی واپسی ہوئی ہے۔
اسکواڈ میں فخر زمان، محمد حفیظ، امام الحق، بابر اعظم، شعیب ملک، آصف علی، حارث سہیل اور سرفراز احمد شامل ہیں۔
اس کے علاوہ شاداب خان، عماد وسیم، فہیم اشرف، حسن علی، جنید خان، شاہین خان آفریدی اور عثمان خان شنواری کو بھی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف ایک روزہ میچز کی سیریز کا آغاز 7 نومبر سے ہوگا۔
سیریز کے پہلے دو میچز ابوظہبی میں کھیلے جائیں گے، دوسرا میچ 9 نومبر کو ہوگا جبکہ تیسرا اور آخری میچ 11 نومبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔