حکومت کے ساتھ مذاکرات ناکام ہوگئے، مظاہرین کا دعویٰ
حکومت مظاہرین سے رابطے میں ہے اور کوشش کی جارہی ہے کہ طاقت کا استعمال نہ کرنا پڑے، وفاقی وزیر اطلاعات
آسیہ بی بی کی بریت کے فیصلے کے خلاف ملک گیر احتجاج کرنے والے مظاہرین کی قیادت نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے حکومت کے ساتھ ہونے والے مذاکرات ناکام ہوگئے۔
مظاہرین کی قیادت نے مذاکرات کی ناکامی کے اعلان کے ساتھ ہی ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کی کال بھی دے دی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ ان کے ساتھ مذاکرات کرنے والوں میں وفاقی و صوبائی حکومتوں کے نمائندگان کے علاوہ انٹیلی جنس ایجنسی کے حکام بھی شامل تھے تاہم مذاکرات ناکام ہوگئے۔
مزید پڑھیں: آسیہ بی بی کی بریت، فیصلے کے 7 اہم ترین نکات
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے مظاہرین سے مذاکرات کے نتائج سے متعلق کسی قسم کا بیان سامنے نہیں آیا لیکن وفاقی وزیر اطلاعات نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد اور گجرانوالہ میں کل صبح 8 بجے سے مغرب تک موبائل سروس بند رہے گی۔