دنیا کا پہلا فولڈ ایبل اسمارٹ فون صارفین کے لیے متعارف
دنیا کا پہلا فولڈ ایبل اسمارٹ فون فروخت کے لیے پیش کردیا گیا ہے اور اس طرح سام سنگ، ہیواوے اور دیگر کمپنیاں اس دوڑ میں پیچھے رہ گئی ہیں۔
امریکا سے تعلق رکھنے والی ایک چھوٹی کمپنی 'رائل' نے 'فلیکس پائی' نامی فون چینی دارالحکومت بیجنگ میں ایک ایونٹ کے دوران متعارف کراتے ہوئے کہا کہ یہ صارفین کے لیے دسمبر میں دستیاب ہوگا۔
یہ فون اسمارٹ فون اور ٹیبلیٹ کا امتزاج ہے۔
یعنی اس فون کا ڈسپلے اتنا بڑا ہے کہ ٹیبلیٹ جیسا لگتا ہے مگر اسے فولڈ کرنے کے بعد اسمارٹ فون کی شکل دے کر جیب میں رکھا جاسکتا ہے۔
اس فون میں 7.8 انچ کا ڈسپلے اوپن حالت میں ہوتا ہے جو کہ سام سنگ گلیکسی نوٹ 9 اور ایپل کے آئی فون ایکس ایس میکس سے بڑا ہے، جبکہ درمیان سے اسے فولڈ کرکے اس ڈیوائس میں 3 چھوٹی اسکرینیں سامنے آجاتی ہیں۔
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ فلیکس پائی کی اسکرین ٹوٹ نہیں سکتی اور جانچ میں انتہائی پائیدار پائی گئی، اس کی اسکرین پر رنگوں کی مقدار بہت زیادہ دی گئی ہے جبکہ کنٹراسٹ، وائیڈ اینگل اور ہائی ریزولوشن پکچر کوالٹی اس کا حصہ ہے۔
اس اسمارٹ فون میں کوالکوم اسنیپ ڈراگون 8 سیریز ایس او سی پراسیسر، 8 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے جس میں مائیکرو ایس ڈی کارڈ کی مدد سے 256 جی بی کا اضافہ کیا جاسکتا ہے۔