پاکستان

گوادر: شرپسندوں کی فائرنگ سے 5 مزدور جاں بحق

فائرنگ کا واقعہ تحصیل جیونی کے علاقے گنز میں پیش آیا، حملے میں 2 افراد شدید زخمی ہو گئے۔

بلوچستان میں گوادر کی تحصیل جیونی میں شرپسندوں کی فائرنگ سے 5 مزدور جاں بحق ہو گئے۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ فائرنگ کا واقعہ گوادر کی تحصیل جیونی کے علاقے گنز میں پیش آیا جہاں سی جی ہاؤسنگ پروجیکٹ پر مزدور کام کررہے تھے، واقعے میں 2 افراد بھی شدید زخمی ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: شرپسندوں کی فائرنگ سے 6 مزدور جاں بحق

زخمیوں کو طبی امداد کے لیے گوادر کے اسپتال میں منقتل کردیا گیا۔

جاں بحق ہونے والے مزدوروں میں نعیم احمد ولد بابو (کراچی)، ارشاد علی ولد شیر محمد (سکھر)، ہنزاللہ ولد عبدالولی (کراچی)، محمد شاکر ولد محمد اسماعیل (ملتان) اور ایک نامعلوم مزدور شامل ہے۔

اس ضمن میں بتایا گیا کہ زخمی ہونے والے مزدوروں کی شناخت شمس اور رحیم کے نام سے ہوئی ہے۔

مزید پڑھیں: بلوچستان: فائرنگ سے 4 مزدور جاں بحق

واضح رہے کہ بلوچستان کے متخلف اضلاع میں مزدوروں کو نشانہ بنانے کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے بھی حالیہ پریس کانفرنس میں بلوچستان کے اندر سورش کی موجودگی کا ذکر بھی کیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ ’آپ نہ مانیں لیکن بلوچستان میں سورش ہے’۔

رواں برس مئی میں بلوچستان کے ضلع خاران کے علاقے لیجے توک میں شرپسندوں کی فائرنگ سے 6 مزدور جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ڈیرہ مراد جمالی میں فائرنگ، سوتے ہوئے تین مزدور ہلاک

مزدور تعمیراتی کام میں مصروف تھے اور اسی دوران نامعلوم افراد نے مزدوروں پر فائرنگ کی اور فرار ہو گئے۔