پاکستان

آگاہی مہم: شادی کیا ہے اور نکاح کی اہمیت کتنی ہے؟

کیا آپ کو معلوم ہے کہ نکاح نامے میں کتنی شقیں ہیں اور اس میں سب سے اہم شقیں کون سی ہیں؟

آسکر ایوارڈ یافتہ ڈائریکٹر شرمین عبید چنائے کی سربراہی میں چلنے والی ان کی فلم اکیڈمی نے گزشتہ ماہ ستمبر میں پاکستانی خواتین کو ان کے قانونی حقوق سے آگاہ کرنے کے لیے ’آگاہی مہم‘ کا آغاز کیا تھا۔

’آگاہی مہم‘ کے ذریعے ستمبر میں تین ویڈیوز جاری کی گئی تھیں، جن میں سے ایک میں خواتین کو اپنے خلاف ہونے والے تشدد، نازیبا سلوک اور ناانصافی کے واقعات پر پولیس تھانے میں مقدمہ درج کرانے کے حوالے سے بتایا گیا تھا۔

’آگاہی مہم‘ کے سلسلے میں گزشتہ ماہ 25 ستمبر کو گھریلو تشدد اور ان کی اقسام کے حوالے سے بھی 2 مختصر ویڈیوز جاری کی گئی تھیں۔

گھریلو تشدد کے حوالے سے جاری کی گئی ایک ویڈیو میں اردو زبان میں اینیمیشن کے ذریعے گھریلو تشدد کی اقسام بتائی گئی تھیں، جب کہ دوسری ویڈیو میں خواتین کو آگاہی فراہم کی گئی تھی کہ وہ کسی بھی طرح کے جنسی، جسمانی، ذہنی و اخلاقی تشدد کا شکار بننے کے بعد پولیس تھانے یا کسی فلاحی ادارے سے رابطہ کرکے شکایت درج کروائیں۔

اور اب اسی ’آگاہی مہم‘ کے سلسلے میں تیسری ویڈیو شادی اور نکاح نامے کے حوالے سے جاری کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کیا آپ کو معلوم ہے 'ایف آئی آر' کیسے درج کرائی جاتی ہے؟

اردو زبان میں جاری کی گئی اینیمیٹڈ ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ شادی کیا ہوتی ہے اور اس کے لیے نکاح کی کتنی اہمیت ہے؟

مختصر دورانیے کی ویڈیو میں خواتین کو بتایا گیا ہے کہ نکاح نامہ کیا ہوتا ہے اور اس کی کل کتنی شقیں ہوتی ہیں اور ان میں سے کون سی شقیں ہیں جو بہت زیادہ اہم ہوتی ہیں؟

ویڈیو میں خواتین کو تجویز دی گئی ہے کہ وہ نکاح نامے پر دستخط کرنے سے پہلے اسے پڑھیں۔

ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ نکاح نامے میں شق نمبر ایک سے 5 تک بنیادی معلومات دی جاتی ہے، جب کہ شق نمبر 6 انتہائی اہم ہوتی ہے، جس میں لڑکی سے اس کی عمر پوچھی جاتی ہے۔

ساتھ ہی خواتین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ اگر وہ نکاح کے وقت 18 سال سے کم عمر ہیں تو نکاح کے وقت اختلاف کر سکتی ہیں۔

اسی طرح ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ شق نمبر 13 سے 17 تک کی شقیں بھی انتہائی اہم ہیں، کیوں کہ ان میں نکاح میں حق مہر کے حوالے سے بتایا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں: آگاہی مہم: گھریلو تشدد کیا ہے اور اس کی کتنی اقسام ہیں؟

ویڈیو کے آخر میں بتایا گیا ہے کہ نکاح نامے کی سب سے اہم شقیں 18 اور 19 ہیں، کیوں کہ ان میں لڑکی کو طلاق کا حق دیا گیا ہے۔

شادی اور نکاح نامے کی آگاہی سے متعلق اس ویڈیو کو 29 اکتوبر کو ریلیز کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ آگاہی مہم کے دوران 14 اینیمیٹڈ ویڈیوز کو ایس او سی فلمز کے بینر تلے ریلیز کیا جائے گا۔

یہ تعلیمی ویڈیوز 2 سے 3 منٹ کی ہوں گی اور انہیں اردو اور دیگر زبانوں میں پیش کیا جائے گا۔

ان ویڈیوز میں مختلف چیزوں کی وضاحت کے ساتھ ایسے قوانین کے بارے میں بتایا جائے گا جو کہ خواتین کے لیے اہم ہیں اور انہیں بتایا جائے گا کہ وہ کس طرح اپنے قانونی حقوق کا اطلاق کرسکتی ہیں۔