مسلم لیگ(ن) کا اپوزیشن کی اے پی سی میں شرکت کرنے کا فیصلہ
سابق وزیراعظم نواز شریف نے پارلیمنٹ ہاؤس میں اپنے چھوٹے بھائی اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے ملاقات کی جہاں فیصلہ ہوا کہ راجا ظفرالحق کی سربراہی میں پارٹی کا 5 رکنی وفد اے پی سی میں شرکت کرے گا۔
نواز شریف مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے ملاقات کے لیے ان کے چیمبر پہنچے جہاں دونوں کے درمیان ملاقات ہوئی۔
قائد حزب اختلاف کے چیمبر کے کمیٹی روم میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صدارت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا اجلاس ہوا۔
اپوزیشن جماعت کے اجلاس میں صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف کے علاوہ راجا ظفر الحق، پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز، نومنتخب رکن قومی اسمبلی خواجہ سعد رفیق، سابق وزیرخارجہ خواجہ آصف ، سابق اسپیکرسردار ایاز صادق کے علاوہ رانا ثنا اللہ، مریم اورنگ زیب اور رانا تنویر بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں:نواز شریف کا پارلیمنٹ ہاؤس میں شہباز شریف سے ملاقات کا فیصلہ
اجلاس میں مولانا فضل الرحمٰن کی جانب سے اپوزیشن کی کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) میں شرکت، سیاسی صورت حال اور قومی احتساب بیورا (نیب) میں کیسز سے متعلق مشاورت کی گئی۔
بعد ازاں خواجہ آصف نے اجلاس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا وفد اے پی سی میں شرکت کرے گا تاہم نواز شریف شریک نہیں کریں گے۔