کھیل

سابق سری لنکن کپتان راناٹنگا قتل کے الزام میں گرفتار

پولیس نے فائرنگ میں ایک شخص کی ہلاکت کے واقعے میں رانا ٹنگا کو مرکزی کردار قرار دیتے ہوئے گرفتار کیا تھا۔

سری لنکا میں جاری سیاسی بحران کے دوران ورلڈ کپ جیتنے والے سابق کپتان ارجنا رانا ٹنگا کو فائرنگ اور قتل کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

کولمبو میں اتوار کو فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہو گئے تھے اور پولیس نے فائرنگ کے واقعے میں ان کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے انہیں گرفتار کر لیا تھا۔

مزید پڑھیں: بابر اعظم تیسری بار ٹی ٹوئنٹی کے عالمی نمبر ایک بلے باز

انہوں نے واقعے کی وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیلون پیٹرولیم کارپوریشن کے دفتر میں مشتعل افراد نے مجھے گھیرے میں لے لیا تھا اور وہ مجھے قتل کرنا چاہتے تھے لہٰذا میری سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں کو اسلحے کا استعمال کرنا پڑا۔

اس کے بعد جائے وقوع پر صورتحال اور خراب ہو گئی اور سری لنکن کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کو مذکورہ مقام سے نکالنے کے لیے خصوصی ٹاسک فورس کے دستوں کو بلانا پڑا۔

واقعے کے 24 گھنٹے بعد سیلون پیٹرولیم کارپوریشن کی یونین کے دباؤ اور ایندھن کی ہڑتال کی دھمکی کے بعد حکام نے راناٹنگا کو گرفتار کر لیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور بھارت ایشین چیمپیئنز ٹرافی کے مشترکہ فاتح قرار

سری لنکا کے وزیر پیٹرولیم رانا ٹنگا نے کہا کہ میں سیلون پیٹرولیم کارپوریشن کے دفتر سے اپنا سامان حاصل کرنے کی کوشش کر رہا تھا لیکن اسی دوران مخالف سیاسی جماعت کے مشتعل کارکنوں نے میرا گھیراؤ کر لیا۔

’وہ مجھے مارنے کے لیے آئے، میں اس بات کی ذمے داری لیتا ہوں اور آپ اس بات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سے تصدیق بھی کر سکتے ہیں۔ زندگی میں پہلی بار مجھے لگا کہ میری جان خطرے میں ہے‘۔

اس کے بعد اسپیشل ٹاسک فورس کو بلایا گیا جنہوں نے راناٹنگا کو ہیلمٹ پہنا کر مشتعل افراد کے نرغے سے نکالا تاکہ کوئی انہیں پہچان نہ سکے۔

فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن زخمیوں میں سے ایک 34 سالہ شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

اس مسئلے نے اس وقت جنم لیا تھا جب سری لنکن صدر نے 26 اکتوبر کو پارلیمنٹ کو 26 نومبر تک معطل کرتے ہوئے وزیرِ اعظم رانل وکراماسنگے اور ان کی کابینہ کو برطرف کردیا تھا۔

تاہم وزیر اعظم نے ان کے فیصلے کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ وہ ہی ملک کے جمہوری وزیر اعظم ہیں اور انہیں عہدے سے ہٹایا نہیں جا سکتا جبک اسمبلی اسپیکر نے بھی ان کی اس بات کی حمایت کی تھی۔

اس معاملے پر حکومتی کابینہ کی وزیر راناٹنگا کا مخالف جماعت کے کارکنوں نے گھیراؤ کر لیا تھا۔

ضرور پڑھیں: نجم سیٹھی کا چیئرمین پی سی بی کو قانونی نوٹس

رانا ٹنگا کو مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیا گیا جنہوں نے انہیں ضمانت پر رہا کردیا۔

رانا ٹنگا کی قیادت میں سری لنکا نے 1996 کا کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

کرکٹ کے بعد انہوں نے سیاست میں قدم رکھا اور 2001 کے بعد مختلف اہم عہدوں پر ذمے داریاں انجام دیتے رہے ہیں۔