کھیل

لندن: بار کا بل نہ ادا کرنے پر امریکی فٹبال کلب کے 4 کھلاڑی گرفتار

پاکستانی نژاد امریکی تاجر شاہد خان کی ٹیم کے کھلاڑیوں کو 50 ہزار یورو کے بل کے تنازع پر حراست میں لیا گیا۔

پاکستانی نژاد امریکی تاجر شاہد خان کی فٹبال ٹیم جیکسن ول جیگوئرز کے 4 کھلاڑی لندن کے نائٹ کلب سے مبینہ طور پر بل ادا نہ کرکے جاتے ہوئے گرفتار کرلیے گئے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق پولیس کو کلب میں لڑائی ہونے کی وجہ سے بلایا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق کھلاڑیوں کو 50 ہزار یورو کا بل ادا نہ کرنے پر سیکیورٹی نے روکا تھا۔

یہ کھلاڑی لندن کے ویمبلے اسٹیڈیم میں این ایف ایل کے چیمپیئنز فلاڈیلفیا ایگلز کا سامنا کریں گے۔

مزید پڑھیں: پاکستانی نژاد شاہد خان ویمبلے اسٹیڈیم کے مالک بننے کے قریب

پولیس نے کھلاڑیوں کو حراست میں لیتے ہوئے پوچھ گچھ کے لیے تھانے منتقل کیا تاہم بعد ازاں انہیں بل پر سیٹلمنٹ کے بعد رہا کردیا گیا۔

واضح رہے کہ جیکسن ول جیگوئرز کے مالک پاکستانی نژاد امریکی تاجر شاہد خان ہیں جنہوں نے چند روز قبل 60 کروڑ یورو میں ویمبلے کو بھی خریدنے کی کوشش کی تھی تاہم وہ کامیاب نہیں ہوسکے تھے۔

شاہد خان نے ان کی ٹیم کے کھلاڑیوں کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بغیر کسی کا نام لیے بتایا کہ کھلاڑیوں کو اندرونی سطح پر سزائیں دی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: فٹبال کی کہانی، اسی کی زبانی

ان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں معلوم ہے کہ ہمارے 4 کھلاڑیوں کو بل کے تنازع پر حراست میں لیا گیا تھا، یہ معاملہ اب حل ہوچکا ہے اور کھلاڑی ٹیم کے ساتھ ہیں‘۔

میٹروپولیٹن پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’افسران نے بل ادا کیے بغیر کلب سے بھاگنے کی کوشش کرنے والے افراد سے بات کی ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’4 افراد جن کی عمر تقریباً 20 سال کے قریب تھی، کو غلط بیانی پر حراست میں لے کر لندن پولیس اسٹیشن میں پوچھ گچھ کے لیے منتقل کیا گیا تھا‘۔