پاکستان آج مثبت انداز میں ٹیک آف کررہا ہے، چیف جسٹس
چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ملک کو پہلی مرتبہ ٹیک آف کی جانب گامزن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو کئی چیزوں میں اصلاح کی شدت سے ضرورت ہے۔
لاہور میں حضرت داتاگنج بخش کےعرس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ ایسے بزرگوں کی لاہور اور ملک پر رحمتیں ہیں اور ان کا ہمارے لیے ایک ہی پیغام تھا کی دین پر عمل کریں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ ان بزرگوں کا پیغام تھا کہ دین پر دکھاوے کے لیے نہیں بلکہ مکمل طور پرعمل کریں اور پیروی کرتے ہوئے اس پر سب سے بڑا پیغام دیا گیا ہے کہ انسانیت کی خدمت کرنا اور لوگوں کے لیے سہولتیں پیدا کرنا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے ملک سے اور اس کے لیے قربانیاں دینے والوں سے محبت کا پیغام دیا گیا ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ 'ہمیں اس ملک سے پیار کرنا ہے اور ہمیں اس ملک میں بہت ساری ایسی چیزیں ہیں جن کی اصلاح کرنے کی انتہائی شدت سے ضرورت ہے'۔
چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ 'دعا کیجیے کہ اللہ ہمیں نیک صالح، دین دار، پرہیزگار، سچے اور ستھرے لوگوں کو بطور قائد اور بطور حکمران نصیب فرمائے جن کی کوشش سے اس ملک میں ترقی ہو اور آنے والی نسلوں کو آسانیاں پید کریں اور ہم لوگ بھی دنیا میں عزت کی نگاہ سے دیکھے جائیں'۔
یہ بھی پڑھیں:’ڈیمز کی تعمیر کیلئے جمع ہونے والے فنڈز کسی کو کھانے نہیں دیں گے‘
انہوں نے کہا کہ ‘بہت دیر کے بعد مجھے محسوس ہوا کہ ہم مثبت انداز میں ٹیک آف کررہے ہیں اور سب دوستوں نے اسی طرح پیار سے محبت سے پاکستان کو آگے لے کر چلنا شروع کیا تو بہت جلد ہم ترقی کی منازل طے کریں گے’۔
چیف جسٹس نے اس موقع پرکہا کہ میرا پیغام ہے کہ ڈیمز ہمارے لیے بہت اہم ہیں اور اس میں زیادہ سے زیادہ حصہ لیں تاکہ ہم اپنے مقصد میں جلد کامیاب ہوسکیں کیونکہ یہ ہماری زندگی ہے اور ڈیم کے بغیر ہمیں بہت مشکلات ہیں۔
یاد رہے کہ رواں سال جولائی میں سپریم کورٹ آف پاکستان نے دیامر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی فوری تعمیر کا حکم دیتے ہوئے چیئرمین واپڈا کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی تھی۔
چیف جسٹس نے ڈیموں کی تعمیر کے لیے عطیات کا خصوصی اکاؤنٹ بنانے کی ہدایت کی تھی اور اندرون ملک و بیرونی ملک مقیم پاکستانیوں سے ڈیم کی تعمیر کے لیے عطیات دینے کی اپیل کی تھی۔
اس ہدایت کے ساتھ ہی چیف جسٹس نے اپنی جانب سے 10 لاکھ روپے ڈیم فنڈ میں عطیہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔
بعد ازاں وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد ڈیم تعمیر کرنے کی اس مہم میں وزیر اعظم عمران خان نے بھی بھرپور حصہ لینے کا اعلان کیا تھا۔
مزید پڑھیں:سپریم کورٹ: ڈیم فنڈ کے بینک اکاؤنٹ ٹائٹل میں تبدیلی کی منظوری
قوم سے اپنے دوسرے خطاب میں انہوں نے پاکستانیوں سے ڈیم بنانے کے لیے اپنا حصہ ڈالنے پر زور دیتے ہوئے اپیل کی تھی کہ بیرون ملک پاکستانی ڈیم بنانے کے لیے فنڈ میں ڈالرز بھیجیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ ڈیم بنانا ملک کے لیے ناگزیر ہوچکا ہے، ماہرین کے مطابق اگر ہم نے ڈیم نہیں بنائے تو پاکستان میں 7 برسوں میں یعنی 2025 میں خشک سالی شروع ہوجائے گی۔
عمران خان نے کہا تھا کہ اس معاملے پر چیف جسٹس سے بات کی ہے اور ان کے فنڈ کے ساتھ سی جے اور پرائم منسٹر فنڈ کو اکٹھا کریں گے۔