نگری نگری پھرا مسافر: سندھ کی تسکین کے لیے اک دعا
ابوبکر شیخ کی کتاب کی بنیادی توجہ ماحولیات اور اس کی تباہی ہے مگر کئی مضامین تاریخی واقعات اور شخصیات پر بھی ہیں۔
ابوبکر شیخ کی پہلی کتاب 'نگری نگری پھرا مسافر' پڑھنے والوں میں دُکھ اور افسوس کے ایسے جذبات جگا دیتی ہے جو ان کے دلوں میں گہرائی تک پیوست ہوجاتے ہیں۔
دُکھ کے اس احساس کو جذب نہ کر پانا ناممکن ہے جس کی وجہ ابوبکر شیخ کا اثرانگیز اور شاعرانہ طرزِ تحریر ہے۔ آپ اس شاعرانہ طرز کو ہر صفحے پر پائیں گے اور جیسے جیسے آپ پڑھتے جائیں گے، یہ آپ کے ذہن میں تصویریں بناتا جائے گا۔
اداسی کا یہ احساس ان قارئین کے لیے اور بھی شدید تر ہوجاتا ہے جو وہ مناظر خود دیکھ چکے ہیں جن پر صاحبِ کتاب ماتم کناں ہیں۔
کوئی ایسا شخص جو 4 دہائی قبل انڈس ڈیلٹا کی سرزمین پر گھوما پھرا ہو اور اس زمین کو اس وقت سے جانتا ہو جب ڈیموں کی تعمیر نے کوٹری ڈاؤن اسٹریم کو برباد نہیں کیا تھا، اس کے لیے تباہی کا یہ احساس کافی حقیقی ہے۔