جونی ڈیپ اب ’کیپٹن جیک اسپیرو’ نہیں بن پائیں گے
جس طرح رواں برس اگست میں سائنس فکشن سپر ہیرو فلمیں بنانے والے ادارے وارنر برادر کے ڈی سی یونیورس نے اعلان کیا تھا کہ اب برطانوی اداکار ہینری کیول کے کردار ’سپر مین‘ پر کئی سال تک کوئی فلم نہیں بنائی جائے گی۔
اسی طرح اب معروف پروڈکشن ہاؤس والٹ ڈزنی نے بھی اعلان کیا ہے کہ اب کی مشہور فنٹیسی سواش بکلرفلم سیریز پائریٹس آف دی کیریبیئن کی اگلی فلم کو’کیپٹن جیک اسپیرو’ کا کردار نبھانے والے جونی ڈیپ کے بغیر بنایا جائے گا۔
جی ہاں، فلم اسٹوڈیو نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ 55 سالہ امریکی اداکار جونی ڈیپ کو اب اس کردار کے لیے مزید کاسٹ نہیں کیا جائے گا۔
اسکائے نیوز نے اپنی خبر میں ڈیلی میل ٹی وی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ پائریٹس آف دی کیریبیئن کے پہلے اور اصل لکھاری اسٹارٹ بیٹی نے اس بات کی تصدیق کی کہ والٹ ڈزنی اسٹوڈیو نے جونی ڈیپ کو اگلی فلم میں کاسٹ نہ کرنے کی تصدیق کی ہے۔
لکھاری نے بتایا کہ اگرچہ فلم پروڈکشن کمپنی نے اگلی فلم بنانے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی معلومات فراہم کی گئی ہے، تاہم کمپنی نے جونی ڈیپ کو ’جیک اسپیرو’ کے کردار کے لیے کاسٹ نہ کرنے کی تصدیق کی ہے۔
خیال رہے کہ ’کیپٹن جیک اسپیرو’ پائریٹس آف دی کیریبیئن کا مرکزی اور اہم کردار ہے، جس جونی ڈیپ گزشتہ 15 سالوں سے نبھاتے آ رہے تھے۔