تنوشری دتہ کو جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کی تحقیقات شروع
بولی وڈ اداکارہ تنوشری دتہ نے گزشتہ ماہ 26 ستمبر کو اداکار نانا پاٹیکر پر 10 سال قبل جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام لگا کر تہلکہ مچا دیا تھا۔
تنوشری دتہ کی جانب سے ہی نانا پاٹیکر پر الزام لگائے جانے کے بعد ہی بھارت میں ‘می ٹو’ مہم کا باقائدہ آغاز ہوا۔
تنوشری دتہ نے الزام لگایا تھا کہ نانا پاٹیکر نے انہیں 2008 میں فلم ’ہارن اوکے پلیز‘ کے سیٹ پر سب کے سامنے جنسی طور پر ہراساں کیا۔
اداکارہ نے الزام عائد کیا تھا کہ نانا پاٹیکر ان کے ساتھ گانے ’نتھنی اتارو‘ میں نازیبا منظر شوٹ کروانا چاہتے تھے۔
نانا پاٹیکر کے بعد تنوشری دتہ نے اسی فلم کے کوریوگرافر سمیت دیگر افراد پر بھی جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔نانا پاٹیکر اور فلم کی دیگر ٹیم نے تنوشری دتہ کو جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے الزامات کو مسترد کردیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: تنوشری دتہ نے مقدمہ درج کروادیا
تاہم بعد ازاں تنوشری دتہ نے نانا پاٹیکر سمیت ’ہارن اوکے پلیز’ کے سیٹ پر جنسی طور پر ہراساں کرنے والے تمام افراد کے خلاف مقدمہ بھی دائر کرادیا تھا۔
تنوشری دتہ کی جانب سے مقدمہ دائر کرائے جانے کے بعد پولیس نے اب انہیں ایک دہائی قبل جنسی طور پر ہراساں کرنے کے واقعے کی باقاعدہ تفتیش کا آغاز کردیا۔