پاکستان

کشمیر برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے ، آرمی چیف

ہم کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے بنیادی حق کی حمایت کرتے ہیں، جنرل باجوہ کا ایل او سی کا دورہ، جوانوں سے ملاقات

پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ کسی بھی مہم جوئی کےخلاف مادروطن کےدفاع کے لیے ہمہ وقت تیارہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی ) کا دورہ کیا اور مورچوں پر تعینات جوانوں سے ملاقات کی۔

اس موقع پر آرمی چیف نے ایل او سی پر تعینات مورچوں کی آپریشنل تیاری اور ان کے عزم کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر خطے کا نامکمل ایجنڈا ہے اور ہم کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے بنیادی حق کی حمایت کرتے ہیں۔

جنرل قمر باجوہ کا کہنا تھا ہم کشمیری عوام کے تاریخی مؤقف کی حمایت جاری رکھیں گے۔

پاک آرمی کے سربراہ نے کہا کہ پاک فوج امن اور خطے میں استحکام کے لیے کردار ادا کررہی ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ کسی بھی مہم جوئی کےخلاف مادروطن کےدفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔