پاکستان

ڈیرہ اسمٰعیل خان جیل پر حملہ کرنے والا دہشت گرد ہلاک

سی ٹی ڈی اور پولیس نے ڈی آئی خان میں مشترکہ آپریشن کیا، اس دوران دہشت گرد محمد عابد مارا گیا۔
Welcome

محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور پولیس نے مشترکہ آپریشن کے دوران ڈیراہ اسمٰعیل (ڈی آئی) خان جیل پر حملے میں ملوث انتہائی مطلوب دہشت گرد کو ہلاک کردیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سی ٹی ڈی اور پولیس نے ڈیرہ اسمٰعیل خان کے مضافات میں باگوئی شمال میں مشترکہ آپریشن کیا، اس دوران ڈی آئی خان جیل پر حملے میں ملوث دہشت گرد محمد عابد مارا گیا۔

محمد عابد سینٹرل جیل توڑنے اور مشن موڑ پر پولیس وین پر حملہ کرنے میں ضلعی پولیس کو مطلوب تھا۔

مزید پڑھیں: ڈی آئی خان میں خودکش دھماکا، تحریک انصاف کے امیدوار جاں بحق

پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ 5 مسلح افراد علاقے میں موجود ہیں اور وہ کسی دہشت گردی کی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، جس پر سی ٹی ڈی کے ساتھ مل کر پولیس نے آپریشن کیا۔

آپریشن کے دوران ملزمان نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی اور یہ مقابلہ 30 منٹ تک جاری رہا، جس کے نتیجے میں محمد عابد ہلاک ہوا، تاہم اس کے ساتھی فرار ہوگئے۔

پولیس نے ملزم کے قبضے سے 2 دستی بم، ایک پستول اور گولہ بارود برآمد کرلیا، بعد ازاں محمد عابد کی لاش کو پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ڈی آئی خان جیل پر دہشت گردوں کا حملہ، 12 ہلاک، 248 قیدی فرار

واضح رہے کہ جولائی 2013 میں پولیس یونیفارم میں ملبوس اور مارٹر گولوں سے مسلح حملہ آور دہشت گردوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک جیل پر حملہ کیا تھا اور اُس جیل میں قید سیکڑوں شدت پسندوں کو آزاد کروا کر لے گئے تھے۔

مسلح حملے کے نتیجے میں203 سے زائد قیدی فرار ہونے میں کامیاب ہوئے تھے، جن میں انتہائی خطرناک سمجھے جانے والے دہشت گرد بھی شامل تھے۔

تاہم بعد ازاں پولیس نے فرار ہونے والے 45 قیدیوں کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دوبارہ گرفتار کر لیا تھا۔**