سعودی عرب کا امدادی پیکج کا اعلان، اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی
بینچ مارک 'کے ایس ای 100 انڈیکس' میں ایک ہزار 500 پوائنٹس سے زائد کا اضافہ ہوا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کئی روز بعد زبردست تیزی دیکھنے میں آئی اور بینچ مارک 'کے ایس ای 100 انڈیکس' میں ایک ہزار 500 پوائنٹس سے زائد کا اضافہ ہوا۔
تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ سعودی عرب کا 6 ارب ڈالر کے بیل آؤٹ پیکج کا اعلان سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کی بڑی وجہ ہے۔
اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز سے ہی مثبت رجحان دیکھا گیا اور پہلے 10 منٹ میں ہی انڈیکس میں ایک ہزار پوائنٹس سے زائد کا اضافہ ہوا۔
دوپہر 12 بجے کے وقت انڈیکس دن کی بلند ترین سطح 39 ہزار 223 پوائنٹس پر پہنچا جبکہ کاروباری حجم اور مالیت میں بھی کئی گنا اضافہ ہوا۔
کیمیکل کے شعبے میں سب سے زیادہ کاروباری سرگرمی دیکھی گئی جبکہ پاور جنریشن اینڈ ڈسٹریبیوشن اور بینکنگ کے شعبے بھی نمایاں رہے۔