پاکستان

اسلام آباد: وفاقی محکمہ اطلاعات کی عمارت میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا

واقعےکی مختلف پہلووں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ تحقیقاتی ٹیم متحرک ہو گئی ہے، ذرائع

اسلام آباد میں پریس وفاقی محکمہ اطلاعات (پی آئی ڈی) کی عمارت میں اچانک بھڑکنے والی آگ پر دو گھنٹے کی طویل جدو جہد کے بعد قابو پالیا گیا۔

ڈیپارٹمنٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشن کے دفتر سے شروع ہونے والی آگ نے آن کی آن میں ملحقہ دفاتر کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔

عمارت بینویلنٹ فنڈز (بی ایف) کی ملکیت ہے جس میں پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ اور فیڈرل آڈٹ کے ڈائریکٹر جنرل کے دفاتر بھی موجود ہیں۔

فائر بریگیڈ کی درجنوں گاڑیوں، سیکورٹی اہلکاروں اور ریسکیو اہلکاروں کی بڑی تعداد نے امدادی کاروائیوں میں حصہ لیا، جبکہ واقعے میں معمولی زخمی ہونے والے 4 افراد کو پولی کلینک میں ابتدائی طبی امداد دی گئی۔

یہ بھی دیکھیں: اسلام آباد کے اتوار بازار میں خوفناک آتشزدگی

آگ پر قابو پانے کے بعد آرمی، رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بروقت کارروائی سے آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، شکر ہے کہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی آئی ڈی کا ریکارڈ محفوظ ہے، جبکہ واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی بنادی گئی ہے۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزارت اطلاعات کا ریکارڈ ڈیجیٹائز کرنے کا کام شروع ہو گیا ہے، اس قسم کے واقعات بڑی عمارتوں کے فرسودہ نطام کے باعث پیش آتے ہیں۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد: عوامی مرکز میں آتشزدگی، دو افراد جاں بحق

ذرائع کے مطابق واقعےکی مختلف پہلووں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، آگ کیسے لگی، عمارت کے ملحقہ حصے تک کیسے پھیلی اور جس منزل پر لگی اس کے دو کمروں کے درمیان ایک کمرہ آگ کی زد میں کیوں نہ آیا یہ جاننے کے لیے تحقیقاتی ٹیم متحرک ہو گئی ہے۔