صفائی مہم اٹلی سے پاکستان کیسے پہنچی؟
اطالوی ڈکٹیٹر بینیٹو مسولینی کو اب بھی کئی اطالوی اس حکمران کے طور پر یاد کرتے ہیں جس نے ’ٹرینی ٹائم پر چلائیں۔‘ اپنی کتاب Experiencing the War as ‘The Enemy Other’ میں وینڈی اگولینی نے لکھا کہ اقتصادی اور سیاسی بحران کے دور میں زیادہ تر اطالوی اس حقیقت کو بھول جاتے ہیں کہ مسولینی درحقیقت 20ویں صدی کے فاشزم کے بانی تھے جنہوں نے سیاست کے خلاف انتہائی جابرانہ اقدامات کیے اور اٹلی کو ایک تباہ کن جنگ میں دھکیلا۔ مگر اس کے بارے میں ان کا جواب عموماً یہی ہوتا ہے کہ ’ہاں، مگر انہوں نے ٹرینیں ٹائم پر چلائیں تھیں۔‘
3 اپریل 1994ء کو برطانوی اخبار ’دی انڈی پینڈنٹ‘ میں آئرش صحافی برائن کیتھ کارٹ نے وضاحت کی کہ مسولینی ’نے ٹرینیں ٹائم پر چلائیں‘ درحقیقت یہ کہنے کا ایک انداز تھا کہ ان کے ماتحت حکومت اور ریاست بالکل گھڑی کے انداز میں چل رہی تھیں۔
کیتھ کارٹ نے لکھا کہ یہ تاثر ایک دیومالائی قصے کے علاوہ اور کچھ بھی نہیں تھا اور اسے مسولینی کی پروپیگنڈا مشین نے نہایت احتیاط کے ساتھ تیار کیا تھا۔
کیتھ کارٹ کے مطابق مسولینی یقینی بناتے تھے کہ ان کی تصویریں ٹرینوں کے آس پاس لی جائیں۔ مگر اگولینی اور کیتھ کارٹ لکھتے ہیں کہ درحقیقت اٹلی میں ٹرینیں کبھی بھی وقت پر نہیں چلیں۔