وہ پاکستانی ہارر فلمیں جنہیں فلم بینوں نے بہت پسند کیا
3 دوستوں نے 1999ء میں کم بجٹ کی حامل ہارر فلم بنانے کا فیصلہ کیا۔ کہانی امریکا کے ایک بلئیر فاریسٹ میں مبیّنہ چڑیل پر بنائی جانے والی ڈاکومینٹری نما تھی۔ جس میں 3 دوست جنگل میں چڑیل کی موجودگی کی تحقیق کرنے جاتے ہیں۔ فلم بنا کیمرہ مین کے شوٹ کی گئی۔ کیمرہ ایک کردار کے کندھے پر ہے تو اس کے پوائنٹ آف ویو سے باقی 2 کردار اور جب دوسرے کردار کے کندھے پر کیمرہ ہے تو اس کے ویو سے پہلا اور تیسرا کردار دکھائے جاتے تھے۔
فلم پر کل ملا کر 80 ہزار ڈالر لاگت آئی۔ فلم ریلیز ہوئی اور اس نے دنیا بھر میں 248 ملین ڈالر سے زائد کا بزنس کیا۔ اس فلم نے فاؤنڈ فٹیج (found footage) ہارر سنیما کی بنیاد رکھی۔ فلم کا نام بلئیر وچ پروجیکٹ (Blair witch project) تھا۔ اس فلم کے بعد اس طرز کی فلموں کی گزشتہ 19 برس میں بھرمار ہوچکی ہے۔ چند ایک کو چھوڑ کر باقی فلمیں بُری طرح ناکامی سے دوچار ہوئی ہیں۔