‘ہیروز کی گرل فرینڈز اور بیویاں انہیں خواتین کو ہراساں کرنے میں مدد دیتی ہیں’
بھارت میں ان دنوں ‘می ٹو’ مہم اپنے عروج پر ہے، جس کے تحت خواتین اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کی کہانیاں سامنے لا رہی ہیں۔
اسی مہم کے تحت مرد حضرات بھی اپنے ساتھ نامناسب واقعات سے پردہ اٹھا رہے ہیں۔
اسی طرح بہت ساری شوبز شخصیات ایسی بھی ہیں، جنہوں نے اگرچہ اپنے ساتھ ہونے والی کسی ناانصافی کا ذکر نہیں کیا، تاہم وہ بھی اس مہم کی حمایت کر رہی ہیں۔
اداکارہ روینہ ٹنڈن کا شمار بھی ایسی اداکاراؤں میں ہوتا ہے، جو شروع سے ہی ‘می ٹو’ مہم کی حمایت کر رہی ہیں، تاہم اب انہوں نے اپنی کہانی بھی شیئر کی ہے۔
اگرچہ روینہ ٹنڈن نے پہلے ہی خواتین کو کام کی جگہوں پر ہراساں کیے جانے کے حوالے سے بات کی تھی اور دعویٰ کیا تھا کہ متعدد مرد حضرات کی بیویاں اور گرل فرینڈز انہیں دیگر خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے میں مدد دیتی ہیں۔
تاہم اب انہوں نے اس حوالے سے اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں پر بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں ہیروز کی گرل فرینڈز اور بیویوں نے کچھ فلموں سے باہر کروایا۔
ڈی این اے انڈیا کے مطابق بھارتی خبر رساں ادارے کو دیے گئے ایک انٹرویو میں روینہ ٹنڈن نے واضح کیا کہ اگرچہ انہیں آج تک جنسی طور پر ہراساں نہیں کیا گیا، تاہم وہ ‘پروفیشنل ہراسمنٹ’ کا شکار بن چکی ہیں۔