جنسی ہراساں کرنے کے الزامات پر انو ملک میوزک پروگرام سے الگ
بھارت کے میگا میوزک کمپوزر اور گلوکار 57 سالہ انو ملک پر گزشتہ ہفتے 2 گلوکاراؤں شویتا پنڈت اور سونا مہاپترا کی جانب سے جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات لگائے گئے تھے۔
شویتا پنڈت اور سونا مہاترا کے بعد انو ملک پر مزید 2 گلوکاراؤں نے بھی جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات لگائے تھے۔
انو ملک پر نہ صرف گلوکاراؤں بلکہ ان پر ان کے میوزک پروگرام ‘انڈین آئڈل’ کی ٹیم میں شامل خواتین نے بھی جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزمات لگائے تھے۔
گلوکاراؤں اور پروگرام ٹیم میں شامل خواتین کی جانب سے الزامات لگائے جانے کے بعد میوزک پروگرام ‘انڈین آئڈل’ کی ٹیم کی جانب سے انو ملک کو فارغ کیے جانے پر بھی غور کیا جا رہا تھا۔
اطلاعات تھیں کہ پروگرام کے میوزک پروڈیوسر انو ملک کے خلاف الزامات سامنے آنے کے بعد انہیں پروگرام میں بطور جج شامل کرنے کے خواہاں نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: انو ملک نے کہا بوسہ دو تو گانے کا موقع دوں، گلوکارہ
تاہم اب خبر سامنے آئی ہے کہ الزامات سامنے آنے کے بعد انو ملک نے خود پروگرام کو چھوڑ دیا۔
انڈین ایکسپریس نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ الزامات سامنے آنے کے بعد انو ملک کو پروگرام سے نکالنے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا،تاہم گلوکار کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے خود پروگرام چھوڑا۔
رپورٹ کے مطابق انو ملک پر الزامات لگانے والی اداکاراؤں نے انہیں پروگرام سے باہر نکالنے کا مطالبہ کیا تھا، ساتھ ہی اس پروگرام کی ٹیم میں شامل خواتین بھی موسیقار کو پروگرام سے نکالنے کی خواہاں تھیں۔