اسلام آباد: پولیس اہلکاروں کو دھمکیاں دینے والی خاتون گرفتار
اسلام آباد میں ٹریفک پولیس اہلکار کے ساتھ بدتمیزی کرنے والی خاتون ڈرائیور کو ایک روز بعد گرفتار کرلیا گیا۔
ایک روز قبل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں دیکھا جاسکتا تھا کہ اپنی ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں نے خاتون کو روک لیا۔
خاتون کی گاڑی پر نمبر پلیٹ آویزاں نہیں تھی، تاہم ٹریف پولیس اہلکار نے انہیں روک کر ان کی گاڑی کی نمبر پلیٹ طلب کی۔
مذکورہ خاتون نے اپنی گاڑی سے نکل کر چلانا شروع کردیا اور ان سے کہا کہ آپ مجھے یہاں روکنے کی وجہ بتائیں۔
پولیس اہلکاروں نے خاتون کے ساتھ نرمی کا مظاہرہ کیا اور ان سے گاڑی کی نمبر پلیٹ طلب کرتے رہے۔
دریں اثنا خاتون اپنی گاڑی سے باہر آکر مزید طیش میں آگئیں اور ایک پولیس اہلکار کو اس کے نام سے مخاطب کرتے ہوئے دھمکیاں دیں اور کہا کہ ’تم دیکھنا کہ میں تمھارے ساتھ کرتی کیا ہوں‘۔
خاتون نے گاڑی کے اندر رکھی ہوئی نمبر پلیٹ پولیس اہلکار کو دکھائی جس کے بعد پولیس اہلکار نے انہیں جانے کی اجازت دی۔
بعد ازاں ڈپلومیٹک اینکلو میں ہنگامہ آرائی کرنے والی خاتون کو گرفتار کرلیا گیا۔
خاتون کو اسلام آباد کی نجی سوسائٹی سے گرفتار کر کے وومن تھانہ اسلام آباد منتقل کر دیا گیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ مذکورہ خاتون پیشے کے اعتبار سے ڈاکٹر ہیں جبکہ ان کے شوہر بھی آرمی میں ایک ڈاکٹر ہیں جو راولپنڈی میں ہی کام کرتے ہیں۔
خاتون کے خلاف اسلام آباد میں کارِ سرکار میں مداخلت، روڈ بلاک کرنے اور نازیبا الفاظ کا استعمال کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔