ضمنی انتخابات: تحریک انصاف کو ’ہوم گراؤنڈ‘ میں شکست
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم (آرٹی ایس) کے مطابق ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو خیبرپختونخوا میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) سے شکست جبکہ کراچی کی دونوں قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ سے برتری حاصل ہے۔
غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی کے 71 کی نشست پر تمام پولنگ اسٹیشنز86کے نتائج موصول ہو چکے ہیں جس کی رو سے 86 پولنگ اسٹیشنز پر اے این پی کے صلاح الدین نے 11 ہزار 224 ووٹ حاصل کیے اور پی ٹی آئی کے ذوالفقار 9 ہزار 755 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پررہے۔
واضح رہے کہ ضمنی انتخاب کے دوران پی ٹی آئی پشاور سے دوسری نشست ہاری ہے۔
دوسری جانب کراچی کی قومی اسمبلی کی نشست این اے 247 کے 240 میں سے 226 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے آفتاب صدیقی 30 ہزار 260 ووٹ لیکر آگے اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم ) کے صادق افتخار13 ہزار 462 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔
پی ایس 111 کراچی کے 80 میں سے 66 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے شہزاد قریشی 9 ہزار 816 ووٹ لے کر آگے اور پاکستان پیپلزپارٹی کے محمد فیاض پیرزادہ 3 ہزار 758 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں 14 اکتوبر کو ضمنی انتخابات کے پہلے مرحلے کے بعد دوسرے مرحلے میں کراچی میں قومی و صوبائی اسمبلی کی ایک، ایک نشست اور پشاور میں صوبائی اسمبلی کی ایک نشست پر ہونے والی پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل آخری مراحل پر ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقے این اے-247 کراچی، سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس- 111 کراچی اور خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقے پی کے-71 پشاور میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں 8 لاکھ 58 ہزار 866 مرد و خواتین ووٹرز رجسٹرڈ تھے، جنہیں اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کا موقع ملا۔
کراچی اور پشاور میں تینوں حلقوں میں 8 بجے پولنگ کے عمل کا باقاعدہ آغاز ہوا جو بلا تعطل شام 5 بجے تک جاری رہا۔
صدر مملکت عارف علوی اور گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی اپنے حلقے میں ووٹ کاسٹ کیا۔