کراچی کے کئی علاقوں میں ایک بار پھر بجلی غائب
کراچی: نیشنل گرڈ کی لائن ٹرپ ہونے سے شہر قائد کے متعدد علاقوں میں بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی۔
لائن ٹرپ ہونے سے نارتھ کراچی، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، لانڈھی، کورنگی، گلشن اقبال اور سرجانی ٹاؤن میں بجلی کی فراہمی معطل ہوئی جبکہ ڈیفنس اور نیو کراچی انڈسٹریل ایریا کے گرڈ اسٹیشن بھی متاثر ہوئے۔
ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا تھا کہ نیشنل گرڈ کی لائن ٹرپ ہونے سے بجلی کی سپلائی منقطع ہوئی، اچانک سپلائی آف ہونے سے مقامی سرکٹس میں بھی ٹرپنگ آئی تاہم بجلی بحالی کی کوششیں شروع کردی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی: تین روز میں بجلی کا دوسرا بڑا بریک ڈاؤن
کے الیکٹرک کی نااہلی کے باعث بریک ڈاؤن معمول بن گیا ہے، سعید غنی
وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے شہر میں بجلی کے بریک ڈاؤن پر تشویش کا اظہار کیا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک انتظامیہ کی نااہلیوں کے باعث آئے روز بریک ڈاؤن معمول بن گیا ہے، جبکہ بجلی کے بحران سے جہاں کراچی کا کاروبار زندگی مفلوج ہوا ہے وہاں پانی کی فراہمی بھی شدید متاثر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج ہونے والے بریک ڈاؤن سے دھابیجی، پیپری سمیت شہر کو پانی فراہم کرنے والے تمام پمپنگ اسٹیشنز بند ہوگئے، جبکہ اس بندش سے دھابیجی اور پیپری پر 2 ہیوی موٹریں جل گئیں۔
سعید غنی نے کہا کہ بجلی کے متعدد بار بریک ڈاؤن اور صرف 20 روز میں چوتھی بار بریک ڈاؤن سے 4 بار پانی کی مین لائنیں ٹوٹ چکی ہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی کراچی میں بجلی کے بریک ڈاؤن کا نوٹس لیتے ہوئے کے الیکٹرک سے فوری بجلی بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ بریک ڈاؤں نہ صرف عوام کی تکلیف میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ معیشت کا پہیہ بھی جام کرتے ہیں۔