افغانستان: حملوں کے خوف کے سائے میں پارلیمانی انتخابات
طالبان کے حملوں کے خطرے کے پیش نظر ووٹرز گھروں سے نکلنے میں خوف کا شکار ہیں۔
کابل: افغانستان میں طویل عرصے سے زیر التوا پارلیمانی انتخابات کا انعقاد آج ہو رہا ہے، جہاں پولنگ کا وقت شروع ہونے کے کئی گھنٹے بعد بھی متعدد پولنگ اسٹیشنز بند نظر آرہے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'اے ایف پی' کے مطابق طالبان کے حملوں کے خطرے کے پیش نظر ووٹرز گھروں سے نکلنے میں خوف کا شکار ہیں، جبکہ بند پولنگ اسٹیشنز کے باہر لوگوں کی بڑی تعداد لمبی قطاروں میں کھڑی نظر آرہی ہے۔
پولنگ کے دوران ووٹر رجسٹریشن فہرستوں کی عدم موجودگی اور پہلی بار استعمال ہونے والی بائیومیٹرک ووٹر ویریفکیشن ڈیوائسز میں خرابیوں کی شکایات بھی سامنے آرہی ہیں۔
کابل میں ایک مسجد کے باہر ووٹ ڈالنے کے منتظر 42 سالہ مصطفیٰ نے بتایا کہ وہ ووٹ ڈالنے کے لیے جلدی یہاں پہنچے تاکہ جلد فارغ ہوکر واپس گھر جاسکیں، تاہم گھنٹوں انتظار کے بعد بھی پولنگ کا عمل شروع نہ ہوسکا۔