لائف اسٹائل

پرینیتی چوپڑا کزن کے ہونے والے شوہر سے کیا چاہتی ہیں؟

اداکارہ اپنے مشن میں کامیاب ہوچکیں وہ اپنی کزن کے ہونے والے شوہر کی بہترین دوست بن چکیں، بھارتی میڈیا کا دعویٰ

بولی وڈ پگی چوپس پریانکا چوپڑا نے یوں تو رواں برس 18 اگست کو ہی امریکی گلوکار نک جونس سے منگنی کرلی تھی۔

اور اب اطلاعات ہیں کہ دونوں کی شادی آئندہ ماہ 30 نومبر سے 2 دسمبر کے درمیان ہوگی، تاہم اس حوالے سے جوڑے نے تصدیق نہیں کی۔

لیکن کزن پریانکا چوپڑا کی امریکی گلوکار سے منگنی ہونے کے فورا بعد اداکارہ پرینیتی چوپڑا اس چکر میں ہیں کہ وہ کسی نہ کسی طرح نک جونس کی پسندیدہ سالی بن جائیں۔

اور بھارتی میڈیا کے مطابق اب تک پرینیتی چوپڑا اس مشن میں کامیاب بھی ہوچکی ہیں وہ اپنی کزن کے ہونے والے شوہر کی بہترین دوست اور پسندیدہ سالی بن چکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: افواہیں ختم، پریانکا چوپڑا اور نک جونس نے منگنی کرلی

تاہم پرینیتی چوپڑا کے ارادے کچھ اور ہی ہیں، جس کا ذکر انہوں نے خود ایک انٹرویو میں کیا۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق انٹرٹینمنٹ ویب سائیٹ کو دیے گئے تازہ انٹرویو میں پرینیتی چوپڑا نے بتایا کہ انہوں نے پریانکا چوپڑا اور نک جونس کی شادی کے حوالے سے اہم منصوبہ تیار کرلیا ہے، جس کے ذریعے وہ کروڑوں روپے کی مالک بن جائیں گی۔

پرینیتی چوپڑا نے انکشاف کیا کہ حال ہی میں انہوں نے اپنی کزن کے ہونے والے شوہر کے ساتھ شادی کی تقریبات کے حوالے سے گفتگو کی، جس دوران انہوں نے نک جونس کو بتایا کہ وہ ان سے کیا چاہتی ہیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ وہ نک جونس سے شادی کے دوران ‘جوتا چھپائی’ کی رسم میں کم سے کم بھارتی 37 کروڑ روپے چاہتی ہیں۔

پرینیتی چوپڑا نے بتایا کہ انہوں نے نک جونس کو بتایا کہ وہ ‘جوتا چھپائی’ کی رسم کے دوران ان سے 5 ملین یعنی 50 لاکھ امریکی ڈالر کا مطالبہ کریں گی، جو بھارتی تقریبا 37 کروڑ روپے بنتے ہیں۔

تاہم اداکارہ نے یہ بھی اعتراف کیا کہ نک جونس نے اتنی رقم تو نہیں البتہ صرف 10 امریکی ڈالر یعنی بھارتی ایک ہزار روپے سے بھی کم رقم دینے کا وعدہ کیا۔

مزید پڑھیں: پریانکا چوپڑا اور نک جونس نومبر میں شادی کریں گے

تاہم دوسرے نشریاتی اداروں نے اپنی رپورٹس میں بتایا کہ پرینیتی چوپڑا نے یہ ٹھان لی ہے کہ وہ نک جونس کی پسندیدہ سالی ہونے کے ناطے ان سے زیادہ سے زیادہ رقم حاصل کرنے کی کوشش کریں گی۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ پرینیتی چوپڑا اپنی کزن کے ہونے والے شوہر سے اگرچہ 37 کروڑ روپے وصول نہیں کر پائیں گی، تاہم قریبا انہیں 50 لاکھ روپے کی رقم ملنے کا امکان ہے، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

خیال رہے کہ شادی کے دوران ‘جوتا چھپائی’ کی رسم نہ صرف بھارت بلکہ پاکستان میں بھی ادا کی جاتی ہے،اس رسم کے دوران دلہن کی بہنیں یا قریبی سہیلیاں دولہے کے جوتے چرا لیتی ہیں، جنہیں واپس کروانے کے لیے دولہے کے بھائی یا قریبی دوست حتی الامکان کوششیں کرتے ہیں اور بالآخر جوتے کچھ لین دین کے بعد مل جاتے ہیں۔