لائف اسٹائل

خود پر الزام کے بعد اداکارہ سے بات چیت کے اسکرین شاٹس شیئر کیے،اداکار

بولی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت پر بھی اداکارہ کو ہراساں کرنے کا الزام عائد ہوگیا۔

قیاس آرائیاں تھی کہ بولی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت نے بھی اپنی ساتھی اداکارہ کو فلم ’کزی اینڈ مینی‘ کے سیٹس پر پراساں کیا، جس کی وجہ سے اداکارہ کافی پریشان بھی ہوگئیں۔

چند روز قبل ڈی این اے انڈیا نے ایک رپورٹ شائع کی، جس میں سشانت سنگھ راجپوت پر الزام لگایا گیا کہ انہوں نے ساتھی اداکارہ سنجانا سانگھی کو ہراساں کیا، اور وہ سیٹس پر ان کے ساتھ کچھ زیادہ بےتکلف ہونے کی کوشش کرتے رہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا کہ سنجانا نے اس کا ذکر اپنے والدین سے بھی کیا جنہوں نے انہیں سیٹس پر صرف اس وقت جانے کا مشورہ دیا جب وہ مطمئن ہوں۔

تاہم اب اداکار نے خود پر لگے الزامات کو بےبنیاد ٹھراتے ہوئے خود کو بےقصور ثابت کرنے کے لیے سنجانا کے ساتھ اپنی بات چیت کے اسکرین شاٹس شیئر کردیے۔

یاد رہے کہ بھارت میں جاری می ٹو مہم کے بعد ایسا پہلی بار ہوا ہے جب کسی اداکار نے خود پر لگے الزامات کو غلط ثابت کرنے کے لیے خاتون کے ساتھ اپنی بات چیت کے اسکرین شاٹس شیئر کیے۔

اپنی ٹویٹ میں اداکار نے لکھا کہ کوئی انہیں جان بوجھ کر اس سب میں پھسانے کی کوشش کررہا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں سنجانا کے ساتھ کی ہوئی اپنی بات چیت کو اس طرح شیئر کرتے ہوئے کافی افسوس ہورہا ہے، لیکن ان کے پاس اس کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے۔

جو اسکرین شاٹس اداکار نے شیئر کیے انہیں دیکھ کر صاف اندازہ ہورہا ہے کہ وہ اور سنجانا دونوں ہی ایک دوسرے سے اس طرح بات کررہے ہیں جیسے ایک دوسرے کے اچھے دوست ہوں۔

اس کے علاوہ یہ دونوں ایک دوسرے کے کام کی تعریف بھی کرتے نظر آرہے ہیں۔

حیران انگیز بات یہ ہے کہ سشانت کے بعد فلم کے ہدایت کار مکیش چھابرا پر بھی دو خواتین نے جنسی ہراساں کرنے کا الزام لگایا، جس کے بعد اب اسٹار انڈیا نے ہدایت کار کو معطل کردیا۔

خاتون نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرتے ہوئے مکیش پر الزام لگایا کہ انہوں نے اوڈیشن کے دوران انہیں ہراساں کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ’مکیش نے مجھے ایک سین بتایا جس میں ہیرو اور ہیروئن کو آپس میں گلے لگنا تھا، انہوں نے خود میرے ساتھ اس سین کی پریکٹس کی، جس کے بعد میں کافی پریشان ہوگئی، مجھے محسوس ہوا کہ وہ مجھے پیچھے ہاتھ لگا رہے ہیں اور انہوں نے مجھے زور سے پکڑا، تاہم میرے پیچھے ہٹتے ہی وہ مجھ سے معذرت کرنے لگے اور کہا کہ باقی لڑکیاں ایسا کرنے میں مطمئن ہوتی ہیں اس لیے وہ سمجھے کہ میں بھی ایسا کرلوں گی‘۔

خاتون نے یہ بھی کہا کہ اس واقع کے بعد انہوں نے فلم انڈسٹری کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ کیا اور اس سے دور چلی گئیں۔

یاد رہے کہ مکیش چھابرا بولی وڈ کے کاسٹنگ ڈائیریکٹر تھے جو بہت جلد فلم ’کزی اینڈ مینی‘ کے ساتھ ہدایت کاری میں ڈیبیو کرنے جارہے تھے۔