کھیل

پاکستان نے آسٹریلیا کو ٹیسٹ سیریز میں شکست دے دی

آسٹریلیا کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 164 رنز پر آؤٹ ہوئی، محمد عباس نے میچ میں مجموعی طورپر 10 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان نے آسٹریلیا کو 2 میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے دوسرے اور آخری میچ میں 373 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-0 سے جیت لی۔

ابوظہبی میں کھیلے گئے سیریز کے آخری ٹیسٹ کے چوتھے روز جب کھیل کا آغاز ہوا تو آسٹریلیا کا اسکور ایک وکٹ پر 47 رنز تھا اور انہیں جیت کے لیے 491 رنز درکار تھے۔

پاکستان کے فاسٹ باؤلر محمد عباس نے اپنی بہترین کارکردگی کو چوتھے روز بھی جاری رکھا اور 36 رنز بنانے والے ٹریوس ہیڈ کو 71 کے مجموعے پر آؤٹ کرکے اپنی ٹیم کو دن کی پہلی کامیابی دلا دی۔

مچل مارش کو بھی محمد عباس نے 77 کے مجموعے پر پویلین بھیج دیا جنہوں نے صرف 5 رنز بنائے تھے جس کے بعد 78 رنز پر ارون فنچ اور ٹم پین کی وکٹیں بھی اڑا دیں جو اپنا کھاتہ بھی نہ کھول سکے تاہم فنچ نے 31 رنز بنائے تھے۔

مچل اسٹارک 27 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے چھٹے بلے باز تھے جنہیں یاسر شاہ نے آؤٹ کیا جس کے بعد پیٹر سڈل بھی صرف 3 رنز کا اضافہ کر کے آؤٹ ہوئے۔

محمد عباس نے 43 رنز بنانے والے مارنس لبوشین کو آوٹ کرکے دوسری اننگز میں بھی اپنی 5 وکٹیں مکمل کرکے میچ میں مجموعی طور پر 10 وکٹیں حاصل کیں اور آسٹریلیا کی آٹھویں وکٹ گرا دی۔

مزید پرھیں:ابوظہبی ٹیسٹ: پاکستان نے آسٹریلیا کو 538 رنز کا ہدف دے دیا

یاسر شاہ نے 3 رنز بنانے والے ہولینڈ کو حارث سہیل کے ہاتھوں کیچ کرایا اور آسٹریلیا کی دوسری اننگز 164 رنز پر تمام کردی۔

آسٹریلیا کے ناتھن لایون نے آوٹ ہوئے بغیر 6 رنز بنائے جبکہ پہلے میچ کے ہیرو عثمان خواجہ انجری کے باعث دوسری اننگز میں بیٹنگ کے لیے میدان میں نہیں آسکے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے دوسری اننگز میں بھی 5 وکٹیں حاصل کیں، یاسر شاہ نے 3 آؤٹ کیے اور میرحمزہ کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

قبل ازیں پاکستان نے گزشتہ روز اپنی دوسری اننگز 9 وکٹوں کے نقصان پر 400 رنز پر ڈکلئیرڈ کر کے آسٹریلیا کو 538 رنز کا مشکل ہدف دیا تھا۔

دبئی میں کھیلا گیا سیریز کا پہلا ٹیسٹ آسٹریلیا کے عثمان خواجہ کی شاندار بلے بازی کی بدولت بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا تھا۔