لائف اسٹائل

’انو ملک نے بوسہ دینے کے بدلے شان کے ساتھ گانے کی پیشکش کی‘

بھارتی گلوکار اور کمپوزر انو ملک پر گلوکارہ شویتا پنڈت نے جنسی ہراساں کرنے کا الزام عائد کردیا۔

بھارتی گلوکار اور کمپوزر انو ملک پر گلوکارہ شویتا پنڈت نے جنسی ہراساں کرنے کا الزام عائد کردیا۔

گزشتہ روز ٹوئٹر پر پوسٹ کی گئی ایک ٹویٹ میں گلوکارہ نے بتایا کہ جب وہ 15 سال کی تھی تو انو ملک نے انہیں جنسی طور پر ہراساں کیا۔

انہوں نے لکھا کہ ’مجھے دوبارہ ان ذخموں کے بارے میں سوچنے اور سب کو بتانے میں بہت تکلیف ہورہی ہے لیکن میں اس گناہ گار شخص کے خلاف ضرور آواز اٹھاوں گی‘۔

شویتا کو انو ملک کے مینجر نے فون کرکے کام کی حوالے سے دفتر بلایا، وہ اپنی والدہ کے ہمراہ وہاں پہنچی لیکن ایک موقع پر انہیں انو ملک کے ہمراہ ریکارڈنگ کیبن روم میں اکیلے گانا ریکارڈ کروانا تھا۔

مزید پڑھیں: کیا ہندوستان میں ’می ٹو‘ کامیاب ہوسکے گی؟

انہوں نے بتایا کہ ’انہوں نے مجھے بغیر کسی میوزک کے کچھ گانے کو کہا تاکہ وہ میری آواز سن سکیں، مجھے یاد ہے میں نے فلم ہر دل جو پیار کرے گا کا مرکزی گانا گایا تھا، انہیں میرا گانا پسند آیا اور کہا کہ وہ مجھے سنیدھی چوہان اور شان کے ہمراہ گانا گانے کا موقع دیں گے، لیکن مجھے پہلے انہیں بوسہ دینا ہوگا، اس کے بعد وہ مسکرائے، میں اس کے بعد بہت زیادہ حیران ہوگئی‘۔

شویتا پنڈت نے مزید کہا کہ ’مجھے یقین ہے کئی گلوکاراؤں کے ساتھ انہوں نے ایسا ہی برتاؤ کیا ہوگا، کیوں کہ سب ہی جانتے ہیں کہ وہ ایسا کرتے ہیں، میں ان خواتین سے درخواست کرتی ہوں کہ وہ آگے آئیں اور اپنی کہانیاں شیئر کریں‘۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی گلوکارہ سونا مہاپترا نے انو ملک پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام لگایا تھا۔

تاہم انو ملک نے ان الزامات کو بےبنیاد ٹھرا دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: نانا پاٹیکر نے جنسی طور پر ہراساں کیا، تنوشری دتہ

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق 90 کی دہائی میں گلوکارہ عائشہ چنائے نے بھی انو ملک پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام لگاتے ہوئے شکایت درج کروائی تھی۔

عائشہ چنائے کا کہنا تھا کہ ’جب میں نے انو ملک پر الزام لگایا تھا اس وقت مجھے اکیلے ہی اپنے لیے لڑنا پڑا، بعدازاں انو ملک نے مجھ سے کئی مرتبہ معافی مانگی‘۔

دوسری جانب انو ملک نے شویتا پنڈت کی جانب سے لگائے الزامات کو بھی بےبنیاد ٹھرا دیا۔

انو ملک کے وکیل نے بتایا کہ ’ان پر لگے تمام الزامات جھوٹے ہیں، انو ملک می ٹو مہم کا احترام کرتے ہیں لیکن اس طرح کسی کا کردار خراب کرنا صحیح نہیں‘۔

انو ملک اس وقت مقبول میوزک شو انڈین آئڈل پر جج ہیں۔

مزید پڑھیں: بولی وڈ کی 11 معروف فلمسازخواتین کا اہم اعلان

یاد رہے کہ بھارت میں می ٹو مہم کا آغاز اداکارہ تنوشری دتہ نے اس وقت کیا جب انہوں نے اداکار ناناپاٹیکر پر انہیں جنسی ہراساں کرنے کا الزام لگایا۔

اس کے بعد کئی خواتین نے سامنے آکر اپنی کہانیاں شیئر کی اور بولی وڈ کے کئی نامور مردوں کے خلاف آواز اٹھائی۔

اب تک ساجد خان، نانا پاٹیکر، کیلاش کھیر، ابھیجیت بھٹاچاریا، رجت کپور، آلوک ناتھ، ویکاس بہل اور سبھاش گھائے شامل ہیں۔

گلوکارہ شویتا پنڈت —فوٹو/ اسکرین شاٹ